پشاور:ضلع ناظم نے موبائل فون میں غیر اخلاقی ویڈیوز ڈالنے والوں کے خلا ف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے
موبائل فونز میں غیر اخلاقی ویڈیو کی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے ضلع ناظم عاصم خان نے ایس ا یس پی آپریشنز اور ضلعی انتظامیہ کو بھر پور کریک ڈائون کی ہدایات کر دی ۔تفصیلات کے مطابق ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے موبائل فونز میں غیر اخلاقی ویڈیوز کی خبر پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشز پشاور اور ڈپٹی کمشنر پشاور کو الگ الگ مراسلے جاری کرتے ہوئے انکے خلاف بھر پور کریک ڈائون کے احکامات جاری کئے ۔ مراسلے میں ان بازاروں کی بھی نشاندہی کی گئی جہاں پر یہ غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کی جاتی ہیں جن میں کباڑی بازار ،قصہ خوانی پشاور، فردوس بازار، باچا خان چوک ،ہشت نگری بازار، بورڈ بازار، تہ کال،کارخانو مارکیٹ اور دیگر مقامات شامل ہیں ۔مراسلوں میں ہدایات جاری کی گئیں کہ متعلقہ علاقہ کے ایس ایچ اوز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کے ذریعے چھاپے مارے جائیں اور ملزمان کو گرفتارکرکے تمام آلات،کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ وغیرہ ضبط کرنے کے ساتھ ملزمان کو سخت سے سخت سزادی جائے۔اس ضمن میں ضلع ناظم کا کہناتھاکہ چند پیسوں کی خاصر ہمارے نوجوانوں کے اخلاق اورکردار بگاڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں عوام بھی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے۔