پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کے الفاظ: عمران‘ شیخ رشید کیخلاف قومی اسمبلی کی متفقہ مذمتی قرارداد
اسلام آباد (نا مہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی نے لاہور کے جلسے میں پارلیمنٹ کے بارے میں ’’لعنتی اور لعنت ہزار بار‘‘ کے الفاظ استعمال کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ تمام پارلیمانی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے عمران اور شیخ رشید کے خلاف مشترکہ تحریک استحقاق لانے کی تجویز کی بھی بھرپور حمایت کی۔ قرارداد وفاقی وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے پیش کی۔ قرارداد پر پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر، جے یو آئی (ف) کی نعیمہ کشور، ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے عبدالغفار کے دستخط موجود ہیں۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ معزز ایوان عمران اور شیخ رشید کی طرف سے جلسے میں بار بار ’’لعنتی اور لعنت ہزار بار‘‘ جیسے الفاظ کے استعمال کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اس طرح انہوں نے اس مقدس ترین ایوان کی عزت و توقیر قصداً مجروح کرنے کی کوشش کی ہے، جس کے نہ صرف وہ خود ممبر ہیں بلکہ یہ ادارہ پاکستان کے 20 کروڑ سے زائد غیور عوام کا نمائندہ ادارہ ہے۔ درحقیقت ان الفاظ کو کہنے سے انہوں نے پاکستانی عوام کی تذلیل کرنے کی کوشش کی، جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اور اس کے اراکین کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور سربلندی جمہوریت سے وابستہ ہے جو کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور آئین کے عین مطابق ہے اور یہی پارلیمان ہی جمہور کا نمائندہ ہے، کسی دوسرے نظام کی ملک میں گنجائش نہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی صدارت میں ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کو دوبار کورم کی نشاندہی پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی عوام کا نمائندہ ادارہ جمہوریت کی علامت ہے دونوں رہنمائوں نے وقار مجروح کیا۔ دونوں بار کورم پورا تھا۔ گزشتہ روز وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف تقریر کرنے اٹھے تو تحریک انصاف کے رکن امجد خان نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ کھڑی ہو گئی، کورم پورا تھا۔ دوسری بار اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تقریر کے موقع پر تحریک انصاف کے رکن ساجد احمد نے کورم کی نشاندہی کردی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے کورم پورا رکھنے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کیا۔ گنتی کروائی گئی۔ 5 منٹ کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے اعلان کیا کہ کورم پورا ہے، دوبار پاکستان تحریک انصاف کو خفت اٹھانا پڑی۔ قرارداد کی منظوری کے وقت تحریک انصاف کے ارکان باہر چلے گئے تھے۔ دریں اثنا سپیکر ایاز صادق عمران اور شیخ رشید کے بیان پارلیمنٹ کیلئے ہزار بار لعنت کیخلاف آج اہم رولنگ دیں گے۔ سپیکر پارلیمان کے تقدس کے بارے میں بیان کریں گے۔ حکومت نے پارلیمان کی توہین پر سخت کارروائی کیلئے قانون سازی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے قانون سازی کیلئے مختلف جماعتوں سے بھی رابطہ کیا ہے۔ قانون سازی کیلئے رواں سیشن کے دوران ہی پیش رفت کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کو قانون سازی کیلئے گرین سگنل دیدیا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے مجوزہ مسودے کی روشنی میں پیش رفت کی جائے گی۔ نئے قانون میں پارلیمان کی توہین کرنے والے کو سخت سزا تجویز کی جائے گی۔ تحریک انصاف کے رکن امجد نیازی نے ایوان میں کھڑے ہو کر کہا کہ میں اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتا ہوں، اپنا تحریری استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو جمع کرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر، اس ایوان اور یہاں پر موجود سب پر لعنت بھیجتا ہوں، جس پر پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی سے انکی تلخ کلامی ہوئی۔