پارلیمنٹ کو برا کہنے والے استعفے کیوں نہیں دیتے‘ شہباز شریف: احتجاج ناکام بنانے پر عوام کا شکریہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جناح ہسپتال کے برن یونٹ کا اچانک دورہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز میرے سر کے تاج ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کو یہاں کام کرتا دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے ۔ ہم سب کا مشن صرف دکھی انسانیت کی خدمت ہے ۔ آپ کے جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کیلئے آپ کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہوں۔ میں ینگ ڈاکٹرز کا مخالف نہیں ہوں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت میں ہاتھ بٹانے والے ڈاکٹروں کی بہت قدر کرتا ہوں۔ میں نے اپنا جینا مرنا دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر رکھا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جناح ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ برن یونٹ بنایا گیا ہے اور مجھے ہسپتال میں شاندار انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی اور دیگر انتظامات کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ کل لاہور میں جلسے و جلوس کے نام پر جو ڈرامہ رچایا گیا اس میں پاکستان بھر سے سیاسی پارٹیوں کے سربراہان شریک تھے اور وہ سب قادری کے مہمان تھے ۔ کل کے رچائے گئے ڈرامے میں ان کی نظر میرے استعفے پر نہیں تھی بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کے عوامی منصوبوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے لگائے ہیں اور غریب عوام کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے عظیم الشان فلاحی منصوبے مکمل کئے ہیں ۔ یہ ڈرامہ رچانے والے میری مخالفت نہیں کر رہے درحقیقت یہ عوام کے ان منصوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔ یہ عناصر ساڑھے چار برس میں اپنے صوبوں میں تو کوئی کام کر نہیں سکے اس لئے اب وہ اپنے صوبوں کے عوام کو منہ دکھانے سے کترا رہے ہیں۔ پشاور میں ڈینگی آیا تو ہم نے وہاں دھرنے جیسا ناٹک نہیں رچایا‘ ڈاکٹروں کی بہترین ٹیم بھجوائی اور ادویات بھی بھجوائیں لیکن خان صاحب ڈینگی سے ڈر کر پہاڑوں پر چڑھ گئے۔ ہم صوبے کے غریب عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات مفت فراہم کر رہے ہیں۔ دھرنا گروپ دراصل انہی عوامی منصوبوں کی مخالفت کر رہا ہے۔ نواز شریف ، پنجاب حکومت اور اپنی پارٹی کی جانب سے اہل پنجاب بالخصوص لاہور کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس احتجاج اور ناٹک کو مکمل طور پر مسترد کیا۔ احتجاج کرنے والوں کی وجہ سے عوام کو تکلیف اٹھانا پڑی۔ ان لوگوں نے دشنام طرازی کی اور اپنی تقریروں میں ایسے الفاظ استعمال کئے جو کوئی شریف آدمی سوچ بھی نہیں سکتا۔ ہم ان کی گالیوں کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے۔ ان عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ میں اہل لاہور کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان عناصر کے ناٹک کو مکمل طور پر مسترد کیا۔ نیب میں طلبی کے بارے سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ نیب یا کوئی اور ادارہ میرے خلاف میرے تینوں ادوار حکومت میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت کر دے تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ زینب قتل کیس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔ بہت سی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں وقت سے پہلے افشا کرنا مناسب نہیں۔ زینب کے قتل میں ملوث مجرم جلد قانون کے شکنجے میں ہوں گے اور پوری قوم کے سامنے انہیں عبرتناک سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں قوم کی چار سالہ بیٹی عاصمہ سے بھی درندگی ہوئی ، کراچی فیکٹری میں آگ لگی جس سے درجنوں لوگ اللہ کو پیارے ہوئے ۔ ان واقعات پر کیا ہو ا۔ کبھی کسی نے آواز اٹھائی۔ میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوں اور انہیں ہر قیمت پر پورا کروں گا کیونکہ مجھ سمیت ہم سب کو اللہ تعالی کی عدالت میں جواب دینا ہے۔ کل ڈرامہ رچانے والوں نے گالی گلوچ کی زبان استعمال کی ، تکہ بوٹی کرنے جیسے الفاظ استعمال کئے، آپ جو مرضی کرتے رہیں، آپ کی ان باتوں کا جواب ہم عوام کی خدمت سے دیں گے کیونکہ آپ جو زبان استعمال کرتے ہیں ہم یہ نہیں کر سکتے۔ پارلیمنٹ پر طبرے بھیجنے والے پارلیمنٹ میں کیوں بیٹھے ہیں ۔ یہ استعفے کیوں نہیں دے دیتے۔ کرپشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ خان صاحب اپنے گریبان میں جھانکیں۔کے پی کے میں ایک ارب درخت لگانے کے دعوے کہاں گئے ، وہاں احتساب کا ادارہ بند ہو چکا ہے اور خیبر بنک پر کتنے سنگین الزامات لگے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ اگر میں نے کوئی کرپشن کی ہے تو مجھے ضرور پکڑیں ۔ اگر نہیں کی تو معاملہ ختم ہو گیا۔ کل لاہور میں ناٹک کرنے والے اپنے دکھ درد بانٹنے کی سیاست کر رہے تھے۔ شہبازشریف سے آغاخان ٹرسٹ فارکلچرل کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاریخی مقامات کے تحفظ اور انکی دیکھ بھال کے حوالے سے جاری پروگرام میں تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ آغاخان ٹرسٹ فار کلچرل کی جانب سے شالامارباغ اور مقبرہ جہانگیر کے تاریخی مقامات کے تحفظ‘ بہتری اور دیکھ بھال کے حوالے سے تکنیکی معاونت مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ شہبازشریف نے معروف شاعر وادیب چراغ حسن حسرت کے صاحبزادے سینئر صحافی وشاعر ظہیرالحسن جاوید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔