پنجاب: ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ 15 فیصد‘ عمر کی 3 برس رعایت‘ ہر ضلع میں فیملی کورٹس کمپلیکس بنیں گے

پنجاب: ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ 15 فیصد‘ عمر کی 3 برس رعایت‘ ہر ضلع میں فیملی کورٹس کمپلیکس بنیں گے

لاہور (خبرنگار)  وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو عبرتناک شکست دینے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئی اہم اقدامات اور ضروری قانون سازی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے خواتین کے استحصال کی روک تھام اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے فیملی لاز میں ضروری ترامیم کی منظوری دی۔ اجلاس میں8 مارچ کو عالمی یوم خواتین بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ کے اجلاس میں پنجاب ورکنگ وومن انڈوومنٹ فنڈ کے قیام اور ہر ضلع میں فیملی کورٹس کمپلیکس بنانے کے پروگرام کی منظوری بھی دی۔ اجلاس کے دوران خواتین کو ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 3 سال کی خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور خواتین کے تعلیمی اداروں میں کنٹین صرف خواتین ہی چلائیں گی جبکہ نکاح نامے میں موجود خواتین کے حقوق کے حوالے سے تمام کالم لازمی پر کرنا ہوں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی 50فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ملک و قوم کی ترقی کیلئے خواتین کو عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہے۔  ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ پانچ فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیا گیا ہے۔ خواتین کا وراثت میں حصہ یقینی بنانے کے حوالے سے ضروری قانون سازی کی گئی ہے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔ اجلاس میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے  کہا 16/12 نے پوری قوم کو جگا دیا ہے اور 18 کروڑ عوام دہشت گردی کے خلاف یک جان دوقالب ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت ہی واحد آپشن ہے۔ ملک کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کر دیں گے۔ پنجاب حکومت نے پونے دو برس کی عرق ریزی کے بعد جدید  تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس کا پہلا بیج پاس آئوٹ ہو چکا ہے۔ دوسرا بیج اپریل اور تیسرا اگست میں پاس آئوٹ ہوگا۔ انسداد دہشت گردی فورس دہشت گردی کے خاتمے میں ہراول دستہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس صرف دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تشکیل دی گئی ہے اور اس فورس کو جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف کے ویژن کے مطابق انسداددہشت گردی فورس کا قیام عمل میں لا کر ایک خواب کو حقیقت میں بدلا ہے۔  مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی کچلنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مربوط انٹیلی جنس نظام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ موثر انٹیلی جنس سسٹم کے ذریعے دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔ انسداد دہشت گردی فورس کی تربیت کیلئے بیرون ملک ماسٹر ٹرینرز سے تربیت دلوائی گئی ہے۔ دہشت گردی کو کچلنے کیلئے سردھڑ کی بازی لگانا ہے اور جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے سب کو مل کر محنت، دیانت اور قومی جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ اگرچہ ہمارے سامنے چیلنج بڑا ہے لیکن ہمارے حوصلے اور عزم بہت بلند ہیں اور انشاء اللہ قوم کو امن دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج ہے جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ اجلاس میں تعلیمی نصاب میں رواداری، امن، برداشت اور بھائی چارے کے موضوعات پر مضامین شامل کرنے اور تعلیمی اداروں میں مضمون نویسی اور تقریری مقابلے منعقد کرانے کے پروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔ شہبازشریف نے چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی دریافت و تصدیق کے حوالے سے اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل وکرم سے 24مربع کلو میٹرکے علاقے میں ماہرین نے ڈرلنگ کے ذریعے10بور کیے ہیں اور سب میں خام لوہے کے ساتھ تانبے کے ذخائر بھی نکلے ہیں۔ چینی کمپنی اور جرمن کنسلٹنٹ ان ذخائر کا اصل تخمینہ لگانے کا کام کررہی ہے جو جلد سے جلد مکمل کریں گے۔ سابق دور آمریت میں پنجاب کے حکمرانوں نے ان خزانوں پر تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی لیکن ہم ان خزانوں کو کرپشن کے جبڑوں سے نکال کر عوام کے سامنے لے آئے ہیں، اب ہمیں اس منصوبے پر دن رات کام کرنا ہے اور ان خزانوں کو زمین سے نکال کر عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے استعمال میں لانا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور پنجاب کابینہ کے ارکان نے پولیس لائنز لاہور کے باہر دھماکے،سانحہ شکار پور،حیات آباد اورآرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔ اجلاس کے دوران پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کے باہرخود کش حملے کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس نے صوبے میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے، سکیورٹی انتظامات اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد سے متعلق کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت امن وامان کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔  شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو بہترسے بہتربنانے کیلئے ہرضروری قدم اٹھایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مساجد،امام بارگاہوں ، عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مزید بڑھائی جائے۔ جمعۃ المبارک کے اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔  وضع کردہ سکیورٹی پلان پرپوری طرح عملدر آمد کیا جائے۔ سیف سٹی پراجیکٹ بھی پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح معیار اورشفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پولیس لائنز میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔