انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر شعبہ تعلیم میں ترقی ممکن نہیں: وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (اے پی پی + آن لائن) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر تعلیم کے شعبہ میں ترقی ممکن نہیں ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم ہاﺅس میں چینی کمپنی ہوائی اور کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان اسلام آباد میں 47 لاکھ ڈالر کی لاگت سے دوسرا مشترکہ آئی ٹی سینٹر قائم کرنے کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ترقی خوش آئند ہے۔ ملک میں موبائل صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہے جب کہ براڈ بینڈ استعمال کرنے والے کی 5 لاکھ ہے جس میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی وجہ سے دنیا میں معاشی ترقی کا انقلاب برپا ہو گیا ہے۔ اسی لئے حکومت پاکستان اس شعبہ میں ترقی کیلئے نئے انسٹی ٹیوٹس کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون بڑھنے سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے سفیر علی سیف سلطان العوانی اور اتصالات کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو محمد حسن عمران کی زیر قیادت ملاقات کی اس موقع پر اتصالات کی پی ٹی سی ایل میں سرمایہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک اور پنجاب کے ارکان اسمبلی احمد حسین ڈاہر، ناظم حسین شاہ، ڈاکٹر اختر ملک اور رانا اعجاز احمد نون نے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کو اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔