پاکستان میں ترکی طرز کی پولیس فورس بنانے سے متعلق تبادلہ خیال

انقرہ (آئی این پی) وزیراعظم میاں نوازشریف کی ترکی کے سکیورٹی حکام سے ملاقات کے موقع پر سکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان میں ترکی طرز کی پولیس فورس کی تربیت سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور سیکرٹری داخلہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ منگل کو انقرہ میں ہونیوالی ملاقات میں ترکی کے وزیر داخلہ اور پولیس چیف بھی سکیورٹی حکام سے ملاقات کے دوران موجود تھے۔ اس ملاقات میں وزیراعظم میاں نواز شریف نے ترکش حکام سے سکیورٹی معاملات اور صورتحال سمیت پاکستان میں ترکی طرز کی پولیس فورس کی تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان پولیس اہلکاروں کو ترکی میں بھی تربیت دلائی جائے گی۔