ترکی کے دورہ سے سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی‘ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا : شہبازشریف

ترکی کے دورہ سے سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی‘ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترکی میں وزیراعظم نوازشریف اور ان کے وفد کی فقید المثال پذیرائی دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ گزشتہ روز انقرہ میں پاکستانی تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان میں ترک سرمایہ کاری میں تیزی آئیگی اور دونوں ملکوں کے درمیان قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔ اس وقت پنجاب اور ترکی کے درمیان تعلیم، ٹرانسپورٹ، سکیورٹی اور تعمیرات کے شعبے میں کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ لاہور میں میٹروبس سروس پاک ترک تعاون کی بہترین مثال ہے اور ہم نے راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی ایسا ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کرنے کیلئے ترک سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے۔ اس دورے کے دوران ترک حکام سے پنجاب میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے فنی تعاون حاصل کرنے پر بھی بات چیت کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک ٹھوس ایجنڈے کے ساتھ ترکی آئے ہیں اور یہ دورہ پاک ترک دوستی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ پیشتر ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے دہشت گردی کے سدباب میں ترکی کا تعاون حاصل کرنے کیلئے منعقد ہونیوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ ترکی پنجاب کو دہشت گردی کے انسداد کیلئے تربیتی سہولتیں فراہم کریگا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کو سکیورٹی انتظامات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے عوام ترکی کے تعاون پر ترک قیادت اور اپنے ترک بھائیوں کے شکرگزار ہیں۔ دریں اثناء شہباز شریف نے پولیس افسر فیاض سنبل کے خاندان کیلئے 30 لاکھ روپے کی امداد کی منظوری دیدی ہے۔ اسکے علاوہ پولیس افسر کے خاندان کو گاڑی، ڈرائیور اور نائب قاصد کی سہولت بھی پہلے کی طرح میسر رہے گی۔ شہید پولیس افسر کی بیوہ کو اس کی تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمت بھی دی جائیگی۔