پنجاب حکومت نےصوبے بھرمیں ناجائزاسلحے کے خلاف محرم الحرام سے قبل کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا

پنجاب حکومت نےصوبے بھرمیں ناجائزاسلحے کے خلاف محرم الحرام سے قبل کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا

پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ناجائزاسلحے کےخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ حساس اداروں کی ان اطلاعات پرکیا گیا کہ صوبے میں محرم الحرام سے قبل بڑے پیمانے پر اسلحہ منتقل کیا جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس سلسلے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ،پنجاب پولیس اور صوبے کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اسلحہ ڈیلرز کا ریکارڈ چیک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، دوسری جانب صوبے میں موجود ممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے نادرا حکام کو سفارش کی گئی ہے کہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وقت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ناجائزاسلحے کے خلاف آپریشن مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اوراس سلسلے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی فہرستیں مرتب کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس معاملے میں قانون کے مطابق کام کرنے والوں کو تنگ نہیں کرنا چاہتی لیکن مصدقہ اطلاعات کے مطابق اسلحہ ڈیلرز کی ایک بڑی تعداد بغیر حکومتی اجازت کے محکمہ داخلہ کے نچلے درجے کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر ناجائزاسلحہ فروخت کرنے کا کام کررہی ہے۔