جمہوریت کی گاڑی چلتی رہنی چاہیے ،اصل فیصلہ عوام کی عدالت کریگی ,انصاف کے تقاضے پورے ہونے اور ہوتے نظرآنے چاہیں : حمزہ شہباز
پاکستان مسلم لیگ(ن ) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ ہر قیمت پر جمہوریت کی گاڑی چلتی رہنی چاہیے ،قومی اسمبلی سے آئین سازی کے ذریعے نئے انتخابات کی راہ ہمو ار ہوئی ہے اب 2018میں عوام کی عدالت لگے گی اور اصل فیصلہ عوام کی عدالت ہی کریگی ۔ یہاں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاکہ ہمارے لئے مقدمات کوئی نئی بات نہیں ،مشرف دور میں بھی احتساب کا سامنا کیاہے اور حدیبیہ کیس میں اپنے زمانہ طالب علمی کے دوران اس وقت 6ماہ جیل بھگتی جب عدالت نے قرار دیا کہ 18سال سے کم عمر ہونے کے ناطے مجھ پر مقدمہ ہی نہیں بنتا۔انہوں نے کہاکہ اب بھی انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہیں اور پور ے ہوتے ہوئے نظر بھی آنا چاہیں ۔حمزہ شہبا زنے کہاکہ موجودہ صورتحال پر تشویش ہے اور بعض معاملات پر ہمارے ضرور تحفظات ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہاکہ ہمارے دامن صاف ہیں ۔عدالتوں کے روبرو موجود ہیں اور انشاء اللہ سرخروہونگے۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار نے بطور وزیر خزانہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہیں اور وہ ضرور وطن واپس آئیں گے۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہاکہ شریف فیملی میں اختلاف کی امید رکھنے والے ماضی میں بھی ناکام ہوئے اور آئیندہ بھی نا امید ہونگے۔قبل ازیں حمز ہ شہباز شمالی لاہور میں کونسلر زطارق بٹ اور رفیق گڈو بٹ کی وفات پران کی رہائش گا ہوں پر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے مرحومین کی معفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی .اس موقع پر حمزہ شہباز نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے ۔مسلم لیگ(ن)کے مقامی رہنما ،بلدیاتی نمائندگان اور کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔