قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے : نوازشریف

قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے : نوازشریف

مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ+ نوائے وقت نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی غیرجانبدار نہیں رہ سکتا۔ سانحہ پشاور قومی ہی نہیں بلکہ عالمی سانحہ ہے، مدینہ منورہ سے پاکستان روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔کالعدم تنظیموں کی فنڈنگ روکنے کی ہدایت کی ہے، فرقہ وارانہ دہشت گردی پھیلانے والی ویب سائٹس بلاک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ قومی ایکشن پلان پر عملدآمد کے لئے سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے۔ پاکستان اور عوام کے عظیم تر مفاد میں اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف دو روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔ اس سے قبل وزیراعظم سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد مدینہ منورہ سے واپس وطن روانہ ہوئے۔ عمرہ کی ادائیگی اور ایک رات مدینہ منورہ میں قیام کے دوران عشا کی نماز کے بعد روضہ رسول کے موقع پر اُمت مسلمہ اور پاکستان کے عوام کی خوشحالی کی دعا کی۔ سانحہ پشاورکے شہدا اور ان کے عزیز و اقارب کے صبر جمیل کے لئے دعا کی اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے بیٹے حسین نواز، وفاقی وزیر احسن اقبال، مشیر خارجہ طارق فاطمی، سعودی عرب میں متعین سفیر منظورالحق، ڈپٹی ڈایریکٹر حج سیف انور جبپہ مسلم لیگی کارکن ڈاکٹر سعید احمد وینس، ملک عابد اعوان، راجہ کمال، کامران بٹ اورجاوید بٹ موجود تھے۔ کیمونٹی کی بھاری تعداد نے نوازشریف کو مسجد نبوی میں دیکھ کر خوسی کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ جن میں راجہ ریاض، فیض رسول،رضوان، عنصر گھمن، تنویر وڑایچ، قمر عباس،ملک الٰہی اعوان، افضل سندھو، ملک عابد اعون اور راجہ کمال شامل تھے۔بدین سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ملک سے درندوں اور وحشیوں کا خاتمہ کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے، عوام نے ہمیںمینڈیٹ دیا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم نے پوری قوم ، سیاسی پارٹیوں اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیکر فیصلے کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاضل راہو کی 28 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کیا جو انکے پولیٹیکل ایڈوائزر ڈاکٹر آصف کرمانی نے پڑھ کر سنایا اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ پورا ملک پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ملک کمزور کرنے والی طاقتوں کو ناکام بنادیں گے۔ شہید فاضل راہو نے آخری دم تک مظلوموں، ہاریوں او رمزدوروں کیلئے جدوجہد کی۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہید فاضل راہو نے اکیلے جو جدوجہد کی تھی وہ آج ہم سب کا مشن بن گیا ہے۔ حکومت قائداعظمؒ کے مشن کو پورا کریگی۔ مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری ظفر اقبال جھگڑا، وزیر مملکت عبدالحکیم بلوچ، ایاز لطیف پلیجو، اسماعیل راہو، اسلم راہو، میر نادر علی ابڑو ،کھیل داس، قمر الزماں راجپر، ڈاکٹر شام سندر اور غلام اکبر حاجیانو نے بھی خطاب کیا۔