طارق محبوب سینٹرل جیل کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
ذرائع کے مطابق سربراہ انجمن نوجوانان اسلام اور سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما سینٹرل جیل کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ طارق محبوب کو رینجرز نے کچھ روز قبل نیوکراچی سے گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ دنوں رینجرز نے طارق محبوب کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے انہیں ٹارگٹ کلرز کو مالی معاونت کے کیس میں 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا تھا، جس کے بعد انہیں سینٹرل جیل کراچی منتقل کر دیا گیا تھا۔ سینٹرل جیل کراچی کے حکام کا کہنا ہے کہ طارق محبوب کو دوران حراست دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے اور ان کا انتقال ہو گیا۔ اہلخانہ کے مطابق طارق محبوب دل اور شوگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔