پی پی اور ق لیگ مل کر انتخابات میں پنجاب سے لٹیروں کا صفایا کر دینگی: بلاول

پی پی اور ق لیگ مل کر انتخابات میں پنجاب سے لٹیروں کا صفایا کر دینگی: بلاول

کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ مل کر آئندہ انتخابات میں پنجاب سے چوروں اور لٹیروں کا صفایا کر دیں گی۔ شور مچانے سے ووٹ حاصل نہیں ہوتے جو خدمت کرتے ہیں عوام ان کو ہی منتخب کرتے ہیں ۔بجلی کے بحران کا شور مچانے والے یہ بتائیں کہ 1997ءمیں بے نظیر بھٹو کے دور حکومت (1995-1996ئ) میں شروع ہونے والے بجلی کے منصوبوں کو کیوں ختم کیا گیا؟ دنیا کی کوئی طاقت پیپلز پارٹی کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔ ماضی میں بھی آمروں، ڈکٹیٹروں اور جمہوریت دشمن عناصر نے پیپلز پارٹی کے خاتمے کےلئے سازشیں کیں لیکن عوام کی طاقت نے ان عناصر کو مسترد کر دیا۔ شہید بھٹو اور شہید بی بی کا مشن اور پیپلز پارٹی کا منشور ہماری پہچان ہے، وہ میڈیا سیل سے ویڈیو لنک پر یوسف رضا گیلانی، منظور وٹو اور لاہور ڈویژن کے اہم رہنماو¿ں سے گفتگو کر رہے تھے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے چار گھنٹے تک پارٹی رہنماو¿ں سے پنجاب کی سیاسی صورتحال، پارٹی کی حکمت عملی، انتخابی مہم اور (ق) لیگ سے ہونے والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مشاورت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل سیاسی قیادت اور انتخابی امیدواروں پر حملے انتہائی افسوسناک ہیں ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے انتخابی عمل میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور یہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ تمام امیدواروں اور سیاسی قائدین کو فوری مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والے ماضی میں اپنے کارناموں پر نظر ڈالیں اور عوام کو بتائیں کہ انہوں نے ان کی کیا خدمت کی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئی تو ملک بھر میں متبادل توانائی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے اور ملک سے بجلی کے بحران کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ پنجاب میں آئندہ وزیر اعلیٰ پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعت سے ہو گا۔