مسلم لیگ ن زرداری کو ہوا بنا کر ووٹ چاہتی ہے، نوجوانوں کے ذریعے شکست دینگے: عمران

مسلم لیگ ن زرداری کو ہوا بنا کر ووٹ چاہتی ہے، نوجوانوں کے ذریعے شکست دینگے: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف وفاق کی پارٹی بن کر ابھر رہی ہے مسلم لیگ ن ساڑھے تین سال حکومت کی اتحادی رہی۔ اب زرداری کو ہوا بنا کر ووٹ لینا چاہتی ہے۔ اس جماعت نے ہمیں نیچا دکھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے ہمارے خلاف بہت محاذ کھولے، ہم نوجوانوں کے ذریعے مسلم لیگ کو شکست دیںگے۔ مسلم لیگ ن والے تو اپنے خاندان میں الیکشن نہیں کرا سکے۔ نجی ٹی وی کو دیئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی پارٹی نے 35 فیصد نوجوانوں کو ٹکٹ نہیں دیئے۔ ہم 80 فیصد ایسے لوگ لائے جو کبھی اسمبلی میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا شریف خاندان کی حفاظت پر 40 کروڑ کا خرچہ ہوتا ہے یہاں سب لوگ ذہین سیاستدان زرداری کو سمجھتے ہیں۔ 90 فیصد نوجوان تبدیلی چاہتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں تبدیلی کیلئے سیاست کر رہا ہوں، مذہب کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ دین کے نام پر نفرت نہیں پھیلانی چاہئے۔ انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی۔ اتحاد صرف اس جماعت کے ساتھ بنائیں گے جس کی لیڈرشپ کرپٹ نہیں ہوگی۔ جماعت اسلامی سے اتحاد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف برسراقتدار آئی تو میں 90دن میں کرپشن ختم کردوں گا اور کرپٹ سیاستدان ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے دریں اثناءاپنے بیان میں عمران خان نے کہا ہم سیاسی رہنماﺅں اور سیاسی جلسوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ بم حملے پاکستانی قوم اور جمہوری نظام کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی رہنماﺅں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے، دہشت گردی کے واقعات حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی ایجنسیز کی ناکامی ہیں۔ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں تاکہ صاف ستھری قیادت آکر اقتدار سنبھال سکے۔