سائیکل پاکستان کی ترقی اور منزل کا نشان ہے، عام آدمی کی خدمت کی: پرویزالٰہی

سائیکل پاکستان کی ترقی اور منزل کا نشان ہے، عام آدمی کی خدمت کی: پرویزالٰہی

گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف پنجاب میں اپنے 5 سالہ دور اقتدار کے دوران 140 ارب روپے مختلف ناکام سکیموں پر ضائع کرنے کی بجائے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خرچ کرتے تو آج صوبہ میں لوڈشیڈنگ نہ ہوتی۔ وہ شاہ دولہ ٹاﺅن گجرات میں بہت بڑے اور پُرجوش عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جہاں ہزاروں افراد نے ہاتھ اٹھا کر انہیں ووٹ دینے کا عہد کیا۔ اجتماع میں آمد پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ انہوں نے سستی شہرت کیلئے 70 ارب روپے لاہور میں جنگلہ بس کے 27 کلومیٹر کے منصوبہ میں جھونک دئیے جبکہ تندور، آشیانہ، کالی پیلی ٹیکسی، دانش اور دیگر ناکام سکیموں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا اور صوبہ معاشی طور پر بھی برباد ہو گیا۔ ہم نے پنجاب میں عوام کی خدمت اور اقتصادی ترقی کے جو منصوبے بنائے تھے اور امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جو اقدامات کیے تھے نام نہاد خادم اعلیٰ کی حکومت نے انہیں آگے بڑھانے کی بجائے روک دیا جس کے باعث صوبہ میں امن و امان برباد اور جرائم میں 10 گنا اضافہ ہو گیا، ہم نے پنجاب میں بجلی پیدا کرنے کے جو منصوبے بنائے تھے انہوں نے انہیں بھی ٹھپ کر دیا۔ شریف برادران بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیلئے چودھری شجاعت حسین فارمولا ناکام نہ بناتے تو آج صرف تین گھنٹے بجلی بند کرنا پڑتی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن صرف انتقام اور جھوٹ کی سیاست کرتی ہے، ہم نے گجرات، جہلم گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاﺅ الدین وغیرہ کے عوام کیلئے 2 ارب روپے سے وزیرآباد میں جدید ترین کارڈیالوجی ہسپتال بنایا لیکن شریف برادران نے 5 سال تک وہاں ڈاکٹر اور آلات فراہم نہیں کیے اور ہسپتال چالو نہ ہونے سے دل کے ہزاروں مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے ذمہ دار صرف اور صرف شریف برادران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جھک کر چلنے والے لوگ ہیں اللہ سے ہمیشہ اس کا فضل و کرم مانگتے ہیں، اہل گجرات کا احسان ہم ساری زندگی نہیں اتار سکتے جنہوں نے ہمیں عزت دی اس لئے ہم نے اقتدار میں آ کر عام آدمی اور غریب آدمی کی خدمت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے مسلم لیگ گجرات کے ضلعی عہدیداروں مصباح شہزاد بیگ اور انور بھٹی کو پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پانچ سالوں تک عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، مسلم لیگ نے پنجاب کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ وہ کوئی ایک ایسا منصوبہ بتا دیں جو انہوں نے عوامی فلاح کیلئے کیا ہو، ہم نے عالیشان گجرات یونیورسٹی بھی بنائی، گڑھی احمد آباد گجرات میں گرلز کالج، ہائی سکول اور ہسپتال بنائیں گے۔ ہمارے دور کے 42 سکولوں کو شہباز شریف نے سٹاف نہیں دیا ہم آ کر انہیں چالو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکل ترقی کا پہیہ ہے، غریب کی سواری ہے جو پاکستان کی ترقی اور منزل کا نشان ہے۔ شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کاری روک کر پنجاب کو کھنڈر بنا دیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی جماعت کو توڑنے کیلئے ہمارے ساتھیوں کو لالچ دیا گیا، جعلی مقدمات بنائے گئے، انہیں ہراساں کیا گیا مگر ہمارے دوست ثابت قدم رہے، چودھری پرویزالٰہی پنجاب کے عوام کے حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا اب عوام کا فرض ہے کہ وہ اپنے محسن کو کامیاب کریں اور چودھری صاحبان اور ان کے امیدواروں کو اسمبلیوں تک پہنچائیں۔ اس موقع پر چودھری اعجاز احمد وڑائچ، چودھری ریاض احمد وڑائچ، ڈاکٹر آصف جاوید وڑائچ، ڈاکٹر انصر، سید انور شاہ، چودھری مظہر نت، چودھری پرویز بشیر، امجد بٹ، صفدر سندھو، سعید شاہد شاہ، سید عقیل شاہ، علی احمد اور دیگر معززین سٹیج پر موجود تھے۔