ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنیکا وقت آ گیا‘ پوری قوم متحد ہے : شہباز شریف

ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنیکا وقت آ گیا‘ پوری قوم متحد ہے : شہباز شریف

 لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت  گزشتہ روز  اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کورکمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔  اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں حساس مقامات اور اہم عمارات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مستقبل کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ضروری ہے۔ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کا وقت آ گیا ہے، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد اور پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔  پاک افواج کے افسروں اور جوانوں نے ہمیشہ ملک و قوم کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل ہیں اور پوری قوم کو مسلح افواج کی بہادری اور جرأت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور دشمن ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پنجاب میں سکیورٹی انتظامات کو مکمل فول پروف بنایا جائے گا۔ صوبے کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔  قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے مربوط کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اجلاس کے دوران صوبے میں سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے اور فول پروف بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پیشتر ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں محمد شہبازشریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے  گزشتہ روز  ملاقات کی۔  شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے مابین بہترین دوستانہ اور تاریخی تعلقات موجود ہیں۔ برطانیہ پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور مختلف شعبوں کی ترقی میں برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے۔ تعلیم، فنی تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔   انہوں نے کہا کہ ڈیفڈ کے اشتراک سے جنوبی پنجاب کے 4 اضلاع سے شروع کئے گئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار 18 اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے اور اس پروگرام کو صوبے کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں بچوں اور بچیو ںکو ہنرمند بنایا گیا ہے- کسی بھی ملک کی ترقی میں ہنرمند افرادی قوت بنیادی کردار ادا کرتی ہے اس لئے پنجاب حکومت نے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا ہے-  آئندہ 4 برس کے دوران 20 لاکھ افراد کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔  برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ برطانیہ پاکستان کے ساتھ سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔ راولپنڈی سے نیوز رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف گزشتہ روز سات  بجے اچانک وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار  علی خان کی عبادت کیلئے ان کی رہائش گاہ واقع فیض آباد پہنچے تو اس موقع پر سخت حفاظتی اقدامات اور عیادت کیلئے ان کی آمد کو خفیہ رکھنے  کی ہر ممکن کوشش کی گئی وفاقی وزیر داخلہ  چودھری نثار علی خان دو رورز قبل راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں معمول کے چیک اپ کیلئے آئے تھے جہاں ڈاکٹروں کے مشورے پر انہوں نے انجیوگرافی کرائی اور اب جبکہ وہ بالکل صحت مند ہیں وزیراعلیٰ ان کی عیادت کیلئے جب فیض آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچے تو میڈیا کو مکمل طور پر پابند کیا گیا وہ اس ملاقات سے متعلق کوئی خبر یا تصویر فائل نہیں کرے۔  وزیراعلیٰ تقریباً آدھے گھنٹے  کے بعد واپس اسلام آباد چلے گئے۔  علاوہ ازیں پنجاب حکومت کے ترجمان نے میڈیا پر چلنے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ وزیراعلیٰ نے اپنی رہائش گاہ یا اہلخانہ کیلئے فوج سے سکیورٹی طلب کی ہے ترجمان نے کہا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
شہباز شریف