بندوق نہ پھینکنے والوں سے سخت برتائو دوسروں سے اچھا سلوک کرینگے: پرویز رشید

بندوق نہ پھینکنے والوں سے سخت برتائو دوسروں سے اچھا سلوک کرینگے: پرویز رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جو بندوق نہیں پھینکے گا اس سے سخت  برتائو کریں گے۔ ہتھیار ڈالنے والوں سے اچھا برتائو کیا جائیگا۔ پُرامن زندگی گزارنے والوں کو پورا موقع دیا جائیگا۔آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک شمالی وزیرستان آپریشن جاری رکھا جائیگا ‘ ہماری مسلح افواج ملکی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے تحفظ کیلئے جنگ لڑ رہی ہیں‘ پوری قوم پاک فوج کا ساتھ دے ‘ دوسرے فریقین کی منافقت  کے باعث امن مذاکرات کا عمل ناکام ہوا۔ میڈیا شمالی وزیرستان آپریشن کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ وہ اعلیٰ سطح کے  اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس کے دوران  آپریشن کے حوالے سے  میڈیا پالیسی سمیت دیگر معاملات پر اہم فیصلے کئے گئے۔ سیکرٹری اطلاعات  و نشریات ڈاکٹر نذیر سعید ‘ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ  اور وزارت اطلاعات و نشریات کے دیگر سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر مسلح افواج ملکی سلامتی  و سالمیت کے تحفظ کے لئے جنگ لڑ  رہی ہیں  پوری قوم دشمنوں کی شکست یقینی بنانے  کیلئے پاک فوج کی مکمل حمایت کرے۔ ہمارے بہادر فوجی ’’کل‘‘ کو محفوظ بنانے کیلئے  جانیں قربان کررہے ہیں۔ جمہوری حکومت ہونے کے ناطے ہم نے مذاکرات کی حکمت عملی اختیار کی تاہم دوسری طرف خلوص کی کمی اور منافقت نے مذاکرات کے سارے عمل میں خلل ڈالا اور جاری امن عمل کے باوجود دہشت گردانہ  حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، میڈیا امن کے مفاد کو مد نظر رکھنے اور شمالی وزیرستان کے آپریشن کی کوریج  کے حوالے سے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کو پی آئی ڈی میں کرائسز کمیونیکیشن سیل  کے قیام اور 24 گھنٹے کی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کی۔
پرویز رشید