عام انتخابات میں عوام کرپٹ ٹولے کو سیاسی طور پر دفن کر دینگے : شہباز شریف


لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے 5 برس کے دوران عوام کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔ زربابا اور چالیس چوروں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے دونوں ہاتھوں سے صرف اپنی جیبیں بھری ہیں۔ عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام کرپٹ ٹولے کو سیاسی طور پر دفن کر دیں گے اور اےسی مخلص اور دیانتدار قیادت کو اپنے ووٹ کی طاقت سے آگے لائیںگے جو ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ عام انتخابات کا بروقت انعقاد ملک کی بقا، سلامتی اور استحکام کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور ان کے حواریوں نے گذشتہ پانچ برس کے دوران عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دینے کی بجائے صرف لوٹ مار کی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ عام انتخابات میں عوام کا سامنا کرنے سے خوف زدہ ہیں اور انتخابی عمل کو ڈی ریل کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ عوام لٹیروں، چوروں اور ٹھگوں سے عاجز آ چکے ہیں اور ان سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ عوام ان کا ایساکڑا احتساب کریں گے کہ آئندہ کوئی قومی دولت لوٹنے کی جرا¿ت نہیں کر سکے گا۔ کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو غربت، بیروزگاری، دہشت گردی اور اندھیروں کے ”تحفے“ دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی آقاﺅں کے وفادار شعبدہ باز کس منہ سے ملک میں انتخابی نظام میں اصلاحات اور تبدیلی کی بات کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رانا منور غوث سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔ بڑی تعداد میں سیاسی شخصیات پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجے کی بہترین اور جدید سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے کے عوام کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ عوام کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لئے نئے ہسپتال بنائے گئے ہیں جبکہ کئی اضلاع میں ہسپتالوں کو اپ گریڈ کر کے علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
شہباز شریف