وزیراعظم نے شہبازشریف کو پیر کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو پیر کے روز گیس کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ گیس کی فراہمی کے سلسلے میں پنجاب کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف صنعتی شعبہ بری طرح متاثر بلکہ محنت کشوں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔ زیادتی کا ازالہ نہ کیا گیا تو وہ صنعت کاروں، تاجروں اور مزدوروں کے ساتھ مل کر مال روڈ پر احتجاج کے لئے نکلنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ان کے اس بیان کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے پیر کے روز گیس کی لوڈشیڈنگ اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لئے ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن اور بھائی چارے کی فضا کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماءاور مشائخ اپنا بھرپور کردار ادا کریں‘ اندرونی اور بیرون چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امن کے دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جائیں۔ سانحہ کربلا ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں نے حق و صداقت اور اسلام کی سربلندی کے لئے پیش کیں۔ نواسہ رسول اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی ہمیں درس دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور حق کے پرچار کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر کیا۔ اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایسا معرکہ ہے جس نے قیامت تک ظالم اور مظلوم کے درمیان لکیر کھینچ دی ہے اور شہدا کربلا کی قربانیوں سے سبق ملتا ہے کہ عددی قوت اور وسائل میں کمی کسی عظیم مقصد کے حصول کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔ حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد سے ہمیں باہمی نفاق اور تفرقے کے خاتمے‘ صبر و ہمت اور ایثار و قربانی کا درس ملتا ہے۔ شہدا کربلا کی قربانی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے اور اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ دنیا میں قیام امن‘ ظلم اور ناانصافی کے خاتمے اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کے لئے فکر امام حسین سے استفادہ کیا جائے۔ وطن عزیز آج دہشت گردی و انتہا پسندی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ وطن دشمن عناصر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ ملک سے انتشار‘ فرقہ واریت اور دہشت گردی کو ختم کر کے مذہبی رواداری‘ تحمل اور برداشت کو فروغ دیں۔ علاوہ ازیں علاوہ ازیں حضرت داتا گنج بخشںؒ کے مزار کے 967ویں سالانہ غسل کی تقریب ہوئی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں صوبائی وزیر اوقاف حاجی احسان الدین قریشی، سینیٹر اسحاق ڈار، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سیکرٹری اوقاف، اعلیٰ انتظامی افسران کے علاوہ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں مزار مبارک کو عرق گلاب سے غسل دیا گیا اور چادریں چڑھائی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک کے امن و استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔