بے بنیاد الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہہ کر معاشرے کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے،یہ سیاسی عناصر آئندہ عام انتخابات میں بھی ناکام رہیں گے : شہباز شریف
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات لگانے اور جھوٹ بولنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں،21 کروڑ عوام بہتان طرازی کی منفی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں، خالی نعروں سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی، دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے اپنے صوبے خیبرپختونخوا کے عوام کو بھی مایوس کیا، پاکستان کی سیاست میں گالم گلوچ اور جھوٹ کے عالمی ریکارڈ بنانے والوں کے چہرے آشکار ہو چکے ہیں، یہ سیاسی عناصر آئندہ عام انتخابات میں بھی ناکام رہیں گے۔
اس سے پہلے شہباز شریف سے ملتان پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ستر برس میں ملک نے بڑے ہچکولے کھائے، بے بنیاد الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہہ کر معاشرے کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا جارہا ہے ، چور، ڈاکو تو ان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں جب انہیں عدالتوں میں لے کر گئے تو وہ عدالتوں سے بھی بھاگتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ وہ فیصلے کئے جائیں کہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوں اور کشکول کو توڑ دیا جائے، ہم سب کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے،اتحاد اور اتفاق سے کام نہ لیا تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔