جمشید دستی نے تحریک انصاف میں شمولیت کی درخواست دیدی

جمشید دستی نے تحریک انصاف میں  شمولیت کی درخواست دیدی

خان گڑھ (نامہ نگار) مظفرگڑھ سے آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی اور انکے بھائی امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 177 مظفر گڑھ جاوید احمد دستی نے تحریک انصاف سے رابطے کر لئے جلد شمولیت کا اعلان متوقع ہے‘ تفصیل کے مطابق جمشید احمد دستی نے تحریک انصاف میں شمولیت کی درخواست تحریک انصاف کی قیادت کو دے دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ درخواست تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے ذریعے دی گئی جبکہ جمشید دستی نے اپنے بھائی کیلئے ضمنی الیکشن میں ٹکٹ دینے کی بھی درخواست دی ہے۔ مرکزی قیادت نے اس بارے میں لندن میں قائد تحریک انصاف عمران خان کو آگا کر دیا ہے جبکہ قیادت نے مظفر گڑھ میں تحریک انصاف کے رہنما نوابزادہ منصور احمد خان سے بھی رابطہ کیا ہے۔ دریں اثناءرابطہ کرنے پر ضلعی صدر تحریک انصاف مظفر گڑھ نوابزادہ محمد احمد خان نے جمشید دستی اور جاوید دستی کی درخواستوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ جلد اہم اعلان متوقع ہے۔