بلدیاتی الیکشن فوری طور پر کرائے جائیں: گورنر سندھ کا صدر کو ٹیلی فون

کراچی + اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + مانیٹرنگ نیوز) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بدھ کو آصف علی زرداری سے فون پر رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ صوبے میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے صدر کو بتایا ہے کہ سندھ میں حالات پرامن رہیں۔ تین ماہ میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے تو کراچی کی ترقی کا عمل رک جائے گا۔ جب کہ صوبہ سرحد کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور اور وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ سرحد اور بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کیلئے حالات سازگار نہیں اس لئے ایڈمنسٹریٹر مقرر کئے جائیں۔ جب کہ بلدیاتی نظام کے خاتمے اور ایڈمنسٹریٹر کی بحالی کے خلاف ملک بھر کے 94 ضلعی ناظمین و نمائندہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں صدر زرداری‘ وزیراعظم گیلانی‘ پنجاب حکومت اور ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتوں کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی اور ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کے پنجاب حکومت کے اقدام کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فصلہ کیا گیا اور شریف برادران پر شدید تنقید کی گئی۔