دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے: گیلانی

دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے: گیلانی

حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ملک میں امن قائم کرنے کیلئے ماحول کا ساز گار بنایا جانا ضروری ہے۔ حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں طالبان سے مذاکرات کا آغاز بہت دیر سے کیا اور ابھی تک اس بات کا علم نہیں ہو سکا کہ مذاکرات میں کیا کیا نکات زیر بحث آئیں گے۔ وہ پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما چودھری خضرحیات مانگٹ کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 12اکتوبر 1999ء کے آرٹیکل 6کا اطلاق تمام سیاسی و غیرسیاسی اشخاص پر کیا جائے صرف فرد واحد پر آرٹیکل 6کا اطلاق بے معنی ہو گا۔ صرف ایک شخص کو ٹارگٹ بنایا جانا انصاف نہیں ہو گا۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ عدالتوں اور آئین کا احترام کرتی رہے گی۔