پشاور دہشت گردوں کےنشانے پر آگیا، رات ائیرپورٹ پر حملہ ناکام بنایاگیا تو آج پاؤلہ میں پانچ حملہ آور مار ڈالےگئے

خبریں ماخذ  |  سٹی رپورٹر
پشاور دہشت گردوں کےنشانے پر آگیا، رات ائیرپورٹ پر حملہ ناکام بنایاگیا تو آج پاؤلہ میں پانچ حملہ آور مار ڈالےگئے

رات گئے پشاور ایئرپورٹ کے احاطے میں موجود ایئربیس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اور بارود سے بھری گاڑی ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرائی۔ دہشت گردوں کی جانب سے فائر کئےجانےوالے دو راکٹ آبادی میں گرنے سے چار شہری جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی بھی ہوئے۔ دہشتگردوں نے پشاور ایئرپورٹ پر آب درہ روڈ کی طرف سے حملہ کیا اورایئرپورٹ کی دیوار کو تین جگہ سے نقب لگانے کی کوشش کی، دیوار کو دو جگہ سے نقصان پہنچایا اور ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج کےجوانوں نے پانچوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جس کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ نےعلاقےکی کلیئرنس کے دوران خودکش جیکٹیں، بارودی مواد اور دستی بم بھی برآمد کرلئےجنھیں ناکارہ بنا دیا گیا۔ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پانچ دہشت گرد ایئرپورٹ کے قریبی علاقے پاؤلہ میں ایک زیرتعمیر کمپاؤنڈ میں جا چھپے۔ ایئرپورٹ احاطے کو کلیئر کرانے کے بعد پولیس کا قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری تھا کہ چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کی زد میں آکر ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔ طویل وقت تک جاری رہنے والے اس اعصاب شکن آپریشن میں پولیس نے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، اسی دوران فوج کو بھی طلب کرلیا گیا اور کئی گھنٹوں تک فائرنگ کے تبادلے کے باوجود سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کو زندہ پکڑنے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی اور دو دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس کےبعد سکیورٹی فورسز نےسرچ آپریشن کرتےہوئے کمپاؤنڈ کو کلیئر قرار دے دیا،آئی ایس پی آئی کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد غیرملکی ہیں جن کو شکل سے ازبک لگتے ہیں