کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ دھماکہ، 3سکیورٹی اہلکار جاںبحق، 14 زخمی

کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ دھماکہ، 3سکیورٹی اہلکار جاںبحق، 14 زخمی

پشاور + ہنگو (اے پی پی + نوائے وقت نیوز) وسطی کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجہ میں 3 سکیورٹی اہلکار جاںبحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ گذشتہ شب خوگہ درہ میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹنے کے باعث سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ قبل ازیں مہمند ایجنسی میں شدت پسندوں کے حملے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی اور ایک شخص جاںبحق ہو گیا۔ دوسری جانب میران شاہ ائیرپورٹ پر نامعلوم سمت سے راکٹ فائر کیا گیا۔ ادھر پشاور کے نواحی علاقہ سربند سے دو بوری بند نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ دونوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ مقتولین کی عمریں 35 سے چالیس کے درمیان ہیں۔ دونوں کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی واضح ہیں۔