خودروزگار سکیم کیلئے مزید 6 ارب کا اعلان‘ 20 لاکھ خاندان مستفید ہونگے: شہباز شریف‘ ساہیوال میں زیادتی کا شکار لڑکی کے گھر پہنچ گئے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ ایسا نظام ہے جو ہاتھ پھیلانا نہیں سکھاتا بلکہ ہاتھ کو ہنرمند بنا کر معاشرے میں دولت پیدا کرنے اور اسے استعمال کے قابل بناتا ہے۔ خود روزگار سکیم کے تحت اب تک ساڑھے پانچ ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں جن سے ساڑھے تین لاکھ گھرانے مستفید ہوئے ہیں۔ آئندہ پانچ سالوں میں اس سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کیلئے مزید 6 ارب روپے دیں گے جس سے 20 لاکھ گھرانے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم کے تحت قرضوں کی واپسی سو فیصد ہے جبکہ سیاسی بنیادوں پر حاصل کئے گئے قرضوں سے قوم کے 300 ارب روپے ہڑپ کئے جا چکے ہیں، ملک کی بقا، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، جس ملک میں بڑا آدمی قرضہ لے کر سیاسی طور پر معاف کرا لے اور اسے کوئی پوچھنے والا نہ ہو جبکہ ہنرمند بھکاری بننے پر مجبور ہوں تو ایسی ریاست کو فلاحی مملکت نہیں کہا جا سکتا۔ محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمرا میں ’’اخوت‘‘ تنظیم کے زیر اہتمام ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ کے تحت خواتین میں بلاسود قرضوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک ایسا کلچر پیدا ہو چکا تھا جس میں بڑے لوگ قرضے لے کر سیاسی بنیادوں پر معاف کراتے رہے اور حرام کی اس دولت کے ذریعے اپنے آپ کو معزز بھی کہلاتے رہے۔ دوسری طرف ایسے ہنرمند افراد تھے جو دھکے کھاتے رہے اورجنہیں نظرانداز کیا جاتا رہا جبکہ بینکوں اور اداروں نے بھی قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے ایسے ہنرمندوںسے منہ موڑے رکھا کیونکہ ان کے پاس کوئی سفارش یا ان کی کوئی شنوائی نہ تھی۔ وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم نے تاریخ کا رخ موڑا ہے۔ اس سکیم کے تحت ساڑھے تین لاکھ غریب خاندانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے ذریعے اپنے پائوں پر کھڑا کیا گیا ہے۔ پنجاب میں میرٹ، شفافیت اور قومی دولت کی ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پنجاب کے خزانے کی ایک پائی بھی مجھ پر حرام ہے۔ گزشتہ ساڑھے پانچ سالوں میں ایمانداری سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ کوئی ایک پائی کی خیانت کا الزام نہیں لگا سکتا، وسائل پر امیروں کا ہی نہیں غریب آدمی کا بھی پورا حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق انہیں دے رہی ہے، خواتین پاکستان کی آبادی کا نصف ہیں اور انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کرکے ہی خوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے، خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہے اور زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔ اگر ملک کی پچاس فیصد آبادی گھروں میں بیٹھ رہے تو معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ہمیں مل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے۔ محنت اور ایمانداری سے کام کرتے ہوئے قوم کی تاریخ کا دھارا بدلنا ہے۔ وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو توانائی کے بحران سمیت دیگر مسائل سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور توانائی کے مسئلے سے نکلنے کیلئے چین بھی پاکستان کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔ پاکستان سے اندھیرے دور کرنے کا وعدہ پورا کریں گے اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ آئندہ ماہ ساڑھے پانچ سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے اس منصوبے سے بجلی کا مرحلہ وار حصول شروع ہو جائے گا اور انشاء اللہ جلد پاکستانی عوام کو اندھیروں سے ضرور نجات دلائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ شہبازشریف کی عوام سے محبت کی عکاس ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف گذشتہ روز ساہیوال کے نواحی گائوں فتح شیر میں اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی کے گھر گئے اور خاندان کے افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیل معلوم کی اور مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ پولیس کی کارکردگی پر انتہائی برہم تھے اور انہوں نے ڈیڑھ ماہ تک واقعہ کی اطلاع نہ ملنے پر ڈی پی او کی سخت سرزنش کی۔ انہوں نے متاثرہ لڑکی کی تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ متاثرہ خاندان کی دیگر ضروریات بھی پوری کی جائیں گی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ہے کہ اگر پولیس افسر اور اہلکار اپنی آنکھیں کھلی رکھیں تو معاشرے سے آدھے جرائم کا خاتمہ ہو جائے۔ ساہیوال کے افسوسناک واقعہ میں پولیس بدترین غفلت کی مرتکب ہوئی ہے۔ فرائض سے کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی پی او کو ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان 48 گھنٹوں میں گرفتار کئے جائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پولیس اس اندوہناک واقعہ کے ڈیڑھ ماہ بعد تک سوئی رہی اور ظالم درندے کھلے پھرتے رہے۔ جو افسر اپنے علاقوں میں ہونے والے جرائم اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں سے بے خبر رہیں ان کیلئے پنجاب پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کی معطلی کا حکم جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف فرائض سے غفلت برتنے پر کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے موقع پر موجود انسپکٹر جنرل پولیس سے سوال کیا کہ یہ کیسا نظام ہے جو باپ کے سائے سے محروم بغیر کسی بھائی کے چار بہنوں کی معصوم بہن کو تحفظ نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تو تقسیم سے پہلے کا وہ نظام بہتر تھا جب پولیس افسر گھوڑوں پر سوار ہو کر دور دراز علاقوں کا دورہ کرتے تھے۔ آج آپ کے پاس تیز رفتار گاڑیاں ، جیپیں اور جدید اسلحہ موجود ہے مگر پولیس کو جرائم کی خبریں ٹیلی ویژن کے ذریعے پہنچتی ہیں۔ پولیس بدترین غفلت کی مرتکب ہوئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نظام خواب خرگوش کے مزے لے رہا ہے۔ میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ اس واقعہ میں آپ کے اپنے چینلز کہاں تھے جب درندوں نے مل کر پاکستان کی ایک بیٹی کے ساتھ ظلم کی انتہا کردی اور آپ کے افسر اور اہلکار سوئے رہے۔ ان کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ ان لوگوں نے افیم کھا رکھی تھی یا یہ کہ انہیں آنکھیں بند کرکے نوکری کرنے دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ48 گھنٹوں کے اندر اس واقعہ کے باقی ملزم بھی گرفتار کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے گزشتہ روز گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔ صوبائی دارالحکومت میں میٹرو بس پراجیکٹ کی شاندار کامیابی کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ بھی شروع کیا گیا ہے جس پر دن رات کام جاری ہے۔ میٹرو بس سروس جیسے عوامی منصوبے کا دائرہ کار دیگر بڑے شہروں تک بھی پھیلایا جارہا ہے۔ حکومت نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ایک بڑا منصوبہ بنایا ہے اور آئندہ ساڑھے 4برس کے دوران صوبے کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے صاف پانی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور صاف پانی پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے علیحدہ کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ گورنر چودھری محمد سرور نے صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شروع کئے جانے والے پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے شب و روز ایک کئے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے بجلی لانے کے نعرے تو لگائے تھے لیکن حکومت ہاتھ آتے ہی اخراجات دیکھ کر ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے پاکستان کو اندھیروں سے نکال دیں گے میں نے اور نوازشریف نے الیکشن میں نعرہ تو لگایا تھا کہ بجلی کے اندھیرے دور کریں گے لیکن جب حساب لگایا تو پتا چلا کہ اس کیلئے اربوں ڈالر چاہئیں تو خرچے دیکھ کر ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے جو لوگ میری تقریروں کے اشتہار چلاتے رہے انہیں بھی 6ماہ میں نندی پور پاور پلانٹ کا دورہ کی دعوت دوں گا۔