اسلحہ سکینڈل، نیب نے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر کے بھائی غزن ہوتی کو گرفتار کر لیا
پشاور (آن لائن+ این این آئی)قومی احتساب نے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر کے بھائی غزن ہوتی کو مبینہ طور پر پولیس اسلحہ خریداری سکینڈل میں ملوث ہونے کے الزام میں پشاور ہائی کورٹ کے احاطے سے ضمانت قبل از وقت گرفتاری کنفرم نہ ہونے پر گرفتار کر لیا۔فاضل عدالت نے مذکورہ کیس کے دیگر اہم ملزمان سابق آئی جی پولیس کے پی ملک نوید اور غزن ہوتی کے بہنوئی رضا علی خان کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ مؤخر الذکر ملزمان پہلے ہی سے جوڈیشل تحویل میں ہیں۔کیس کے وعدہ معاف گواہ و کنٹریکٹر ارشد مجید کے بیان کے مطابق غزن ہو تی نے اسلحہ کی خریداری میں مبینہ طور پر 19 کروڑ50 لاکھ روپے بطور کمیشن وصول کئے ہیں۔ اس گرفتاری کو کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔