خیبر پی کے کے نئے گورنر سردار مہتاب عباسی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
پشاور (اے این این) خیبر پی کے کے نئے گورنر سردار مہتاب عباسی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس سلسلے میں حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ، جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق، سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپائو، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ خالد ربانی پشاور میں امریکہ اور ایران کے کونسلر جنرل نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر قبائلی اور ہزارہ کے لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ باسٹھ سالہ سردار مہتاب نوے کے عشرے میں پاکستان مسلم لیگ کی سابقہ حکومت میں صوبہ سرحد (اب خیبر پختونخوا) کے وزیراعلی تھے۔گورنرخیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان نے کہاہے کہ فاٹامیں امن و امان کاقیام اورترقی اولین ترجیح ہے، جو لوگ قانون کے سامنے خودکو سرنڈرکریں انکے کے لئے عام معافی میںکوئی حرج نہیں۔ گورنرہائوس میں حلف لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار مہتاب احمدخان کاکہنا تھا کہ ملک کو امن کاگہوار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات ایک پیچیدہ عمل ہے، کامیابی کے منتظر ہے، فاٹا کی مثال پشت کی دیوارجیسی ہے اورپشت کوکسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے۔