ہمارا دامن صاف ہے‘ پیپلز پارٹی کی قیادت نے منظور نظر افراد میں ریوڑیاں بانٹیں : شہبازشریف

 ہمارا دامن صاف ہے‘ پیپلز پارٹی کی قیادت نے منظور نظر افراد میں ریوڑیاں بانٹیں : شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے پہلی بار صوبے میں ہر سطح اور شعبے میں میرٹ و شفافیت کا کلچر متعارف کرایا ہے اور عالمی اداروں نے بھی پنجاب حکومت کی شفافیت اور میرٹ پر مبنی پالیسیوں کو سراہا۔ ساڑھے چار برس کے دوران کوئی بھی پنجاب حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکا۔ ہمارا دامن صاف ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت نے نہ صرف منظور نظر افراد میں ریوڑیاں بانٹی ہیں بلکہ قومی اداروں کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے آئندہ عام انتخابات صرف حکومتیں بنانے کیلئے نہیں بلکہ ملک کی بقاءکیلئے ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہوگی۔ وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر شعبہ میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیکر نئی مثال قائم کی ہے عالمی ادارے پنجاب حکومت کی شفافیت اور گڈ گورننس کے معترف ہیں آئندہ عام انتخابات میں عوام کے پاس سرخرو ہوکر جائیں گے عوام انتخابات میں دیانتدار، مخلص اور ایماندار قیادت سامنے لائیں گے وفاقی حکومت نے عوام کو تکلیف جبکہ پنجاب حکومت نے ریلیف دیا ہے۔ لوڈ شیڈنگ پر پنجاب کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں بھر پور طریقے سے اٹھایا۔ زربابا چالیس چوروں نے ساڑھے چار برس کے دوران بے دردی سے پاکستان کو لوٹا ہے۔ لٹیروں اور چوروں کے دن گنے جا چکے ہیں پیپلز پارٹی کی قیادت کی لوٹ مار کے باعث پاکستان کے دوست ملکوں کے ساتھ تعلقات پہلے جیسے نہیں رہے قومی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے عوام نااہل وفاقی حکمرانوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ پنجاب حکومت ایک ایسے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے جس سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو رہا ہے اور صوبہ پنجاب کے عوام کا ہماری حکومت پر اعتماد اس بات کا بین ثبوت ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں خصوصاً تعمیراتی میٹریل کے معیار پر کڑی نظر رکھیں۔ کراچی وار کالج کورس کے شرکاءآج وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے وزیراعلیٰ صوبے میں ترقیاتی پروگرام امن و امان کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں وار کالج کے شرکاءکو بریفنگ دیں گے۔ اس بارے میں وار کالج کراچی میں 10 ممالک سمیت پاکستان کے 40 کمانڈنگ افسران کورس میں شرکت کر رہے ہیں جو آج لاہور آئیں گے۔ ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق محمد شہباز شریف آج 15 نومبر کو ملتان کا دورہ کریں گے اور بہاﺅ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں منعقدہ تقریب میں یونیورسٹی کے طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون بڑھانے، باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ بھارتی بہار کے وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو صوبہ بہار کے دورے کی دعوت بھی دی۔ شہباز شریف نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور بھارت ہمسایہ ممالک ہیں۔ دونوں ممالک کو اچھے ہمسائے کی طرح رہنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ دونوں ممالک کو پانی اور کشمیر سمیت اپنے تمام تنازعات مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوں گے۔ جنگوں اور کشیدگی نے دونوں ممالک کو غربت، مہنگائی، بھوک و افلاس اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ دونوں ممالک کو اپنے وسائل جنگوں میں جھونکنے کی بجائے اپنے عوام کی ترقی و خوشحالی پر صرف کرنا چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ حال ہی میں بھارتی پنجاب اور پاکستانی پنجاب کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کے لئے مشترکہ بزنس کونسل تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کو دفن کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ مشرف دور میں بدترین لوٹ مار کی گئی جب اقتدار سنبھالا صوبے کے ادارے تباہ تھے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے بھارتی بہار کے وزیراعلیٰ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا شفافیت ہمارا طرہ امتیاز ہے۔ چار سال قبل جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو پنجاب کا شمار کرپٹ ترین صوبوں میں ہوتا تھا لیکن ہم نے پنجاب کو بڑی حد تک کرپشن سے پاک کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری منصوبوں اور عمارات میں سادگی اور بچت کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اقبالؒ کا یہ شعر سنایا:
میں ناخوش و بیزار ہوں مرمر کی سلوں سے
میرے لئے مٹی کا حرم اور بنا دو
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ پنجاب حکومت کا تعلیمی پروگرام نہایت شاندار ہے، اس کے تعلیمی شعبے پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال پر پنجاب حکومت کے شکرگزار ہیں۔