اسلم رئیسانی بحران کے ذمہ دار ہیں: یار محمد رند، مستعفی ہو جائیں: صادق عمرانی

اسلم رئیسانی بحران کے ذمہ دار ہیں: یار محمد رند، مستعفی ہو جائیں: صادق عمرانی

کوئٹہ (آن لائن/ اے این این) رند قبیلے کے سربراہ صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رکن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آئینی بحران کا ذمہ دار وزیراعلیٰ بلوچستان ہےں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صوبائی حکومت اپنی قانونی حیثیت کھوچکی ہے اسلم رئیسانی وزارت اعلیٰ سے فوری طور پر مستعفی ہو جائےں اور آئندہ انتخابات تک کےلئے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی ساڑھے چار سال کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار رند نے کہا کہ سپریم کورٹ جب ایک وزیراعظم کو نااہل قرار دیئے کر فارغ کر سکتی ہے توصوبائی حکومت کو بھی نااہل قرار دے سکتی ہے۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو ہٹاکر نیا قائد ایوان لایا جائے‘ وفاقی و صوبائی حکومتیں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں‘ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کو یقینی بنایا جائے‘ قلات اور مکران میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی‘ تعلیمی ادارے بند‘ قومی ترانہ پڑھنے کی بھی اجازت نہیں‘ پاکستان کے جھنڈے نذر آتش کئے جارہے ہیں۔کوئٹہ ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بلوچستان میں امن وامان تباہ ہوچکا ہے۔ اسلم رئیسانی فوری مستعفی ہو جائیں۔دریں اثناءوزیراعظم راجہ پرویز نے پیپلزپارٹی بلوچستان کے تمام ارکان اسمبلی کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے تاکہ بلوچستان میں پیدا ہونے والے بحران پر غور کیا جا سکے۔