رمضان پیکج کی منظوری‘ 318 سستے بازار لگائے جائینگے‘ آٹے کا تھیلا 130 روپے سستا ملے گا: شہباز شریف

رمضان پیکج کی منظوری‘ 318 سستے بازار لگائے جائینگے‘ آٹے کا تھیلا 130 روپے سستا ملے گا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ رمضان پیکیج کے تحت عوام کو رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں سستے آٹے کے تھیلے فراہم کئے جائیں گے۔ صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ اوپن مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا  90 روپے جبکہ رمضان بازاروں میں  130 روپے کم قیمت پر ملے گا۔وزیراعلی شہباز شریف نے اس امر کی منظوری گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت ماہ مقدس کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے خصوصی پیکیج دے رہی ہے جس کے تحت عوام کو رمضان المبارک کے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی، سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ صوبہ بھر میں 318 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 17 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں میں تبدیل ہوجائیں گے۔ چینی رمضان بازاروں میں مارکیٹ سے 8 روپے فی کلو کم نرخوں پر دستیاب ہوگی۔ محکمہ زراعت 335 فیئرپرائس شاپس قائم کرے گا جبکہ 147 گرین چینل بھی کھولے جائیں گے جہاں کسان براہ راست اپنی اشیاء فروخت کر سکیں گے۔ انہوںنے کہا کہ انڈے اور مرغی کا گوشت مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں سستے داموں دستیاب ہوگا۔ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دالیں اور دیگر اشیاء ذخیرہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ تمام وزراء اور سیکرٹری صاحبان رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کیلئے دورے کریں گے۔ رمضان بازار رمضان المبارک کی آمد سے 3 روز قبل کام شروع کردیں گے۔ سستے آٹے کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ معیاری اشیائے ضروریہ، پھل اور سبزیاں رمضان بازاروں میں سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔ کسی بھی ضروری اشیاء پھل یا سبزی کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی میں کوئی بہانے بازی نہیں چلے گی۔ اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دالیں اور دیگر اشیاء ذخیرہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ جن اضلاع کے ڈی سی اوز دالوںکے سٹاک سامنے لائے ہیں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں 2 ہزار مدنی دسترخوان لگائے جائیں گے جہاں مفت افطاری کی سہولت میسر ہو گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی اور سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افرادکیلئے دعا کی گئی۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ فارلااینڈ کریمنل جسٹس کے مجوزہ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورپنجاب میں انسٹیٹیوٹ فارلاء اینڈ کریمنل جسٹس کے قیام کا منصوبہ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔  شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرامن کمیونٹی پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام سانحہ میں جاںبحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گردوں کو ان کی زبان میں مزید سخت جواب دینے کا وقت آگیاہے - قوم کے اتحاد کی طاقت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ شرپسندوں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے او ران کی بیخ کنی کیلئے کوئی کسر ا ٹھا نہ رکھی جائے۔ لاہورسمیت پنجاب بھر میں موثرانداز میں سرچ آپریشن مزید تیز کئے جائیں -سرچ آپریشن کے دوران حاصل کردہ ٹیکنالوجی سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے موثر ا قدامات اٹھائے جا رہے ہیں -انسٹیٹیوٹ فار لاء اینڈ کریمنل جسٹس کی موجودہ حالات میں اشد ضرورت اور افادیت ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ مجوزہ منصوبے کے حوالے سے مستقبل میں اقدامات اٹھانے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ونکائے ژانگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین سکل ڈویلپمنٹ، توانائی، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، سمال ڈیمز، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے سانحہ کراچی کی مذمت کی اور جاںبحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس بھی کیا۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا ایک بڑا پارٹنر ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان خصوصاً پنجاب میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی کمی کے مسئلے کا سامناہے۔ توانائی بحران سے معیشت کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے۔ گیس سے پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا کارخانہ لگائے گی اور وفاقی حکومت بھی پنجاب میں گیس سے 2400 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے گی۔ پنجاب حکومت سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے او رمارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب میں سالانہ پانچ لاکھ نوجوانو ںکو ہنرمند بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنے کا جائزہ لے۔ پنجاب حکومت عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری، پائیدار، باکفایت اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے بعد راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک نے پنجاب میں اگلے 3 برس کے دوران مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کے منصوبوں پر کام کرنے کا عندیہ دیا جس پر وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی تفصیلات طے کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ونکائے ژانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف انتہائی محنت اور عزم کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔