امریکی معاون وزیر کی خارجہ سیکرٹری سے ملاقات، دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر تشویش ہے، بارت کو اشتعال انگیزی سے روکا جائے:پاکستان
امریکی قائم مقام معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اور علاقائی امور پر رابطوں کا حصہ ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی اعتماد اور احترام کی فضا میں آگے بڑھنا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وفد کو دہشت گردی کے خلاف حالیہ کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
ان کارروائیوں کی وجہ سے خطے میں بھی امن واستحکام کو فروغ ملا۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا امن مخالف عناصر کی کارروائیوں سے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ افغان مسائل کے حل کے لئے بارڈر مینجمنٹ ناگزیر ہے۔ امریکی معاون وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ایلس ویلز نے کہا کہ افغانستان میں امریکی سٹریٹیجی کی کامیابی کے لئے پاکستان کا کردار اہم رہا ہے۔ دونوں ملکوں کو انسداد دہشت گردی کے لئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا افغان مہاجرین کی جلد از جلد واپسی پاک افغان تعلقات کی بہتری کے لئے ضروری ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان تعاون جاری رکھے گا۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا معاملہ بھی اٹھایا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا بھارتی اشتعال انگیزی سے گزشتہ رات بھی چار اہلکار شہید ہوئے۔ امریکہ بھارت کو اشتعال انگیزی سے روکے۔