سپریم کورٹ نے منڈی بہائو الدین سے پی ٹی آئی کے ایم این اے اعجاز چودھری کو نااہل قرار دیدیا

سپریم کورٹ نے منڈی بہائو الدین سے پی ٹی آئی کے ایم این اے  اعجاز چودھری کو نااہل قرار دیدیا

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)  سپریم کورٹ میں منڈی بہائوالدین پنجاب کے انتخابی حلقہ این اے 108 سے تحریک انصاف کے اعجاز چودھری کے خلاف الیکشن ٹربیونل کا نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے فیصلے کے خلاف دائر چودھری اعجاز کی اپیل خارج کردی ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے اعجاز احمد چودھری کو ان کے مخالف امیدوار ممتاز احمد تاڑر کی درخواست پر نااہل قرار دیتے ہوئے علاقے میں ضمنی انتخابات کا حکم دیا تھا انہوں نے اعجاز احمد چودھری پر الزامات لگائے تھے کہ ان کی بی اے کی ڈگری جعلی ہے، وہ انسانی سمگلنگ، دھاندلی، ایک پلاٹ پر قبضہ میں ملوث ہیں۔ فریقین کے وکلاء نے دلائل عدالت میں دئیے جس کی روشنی میں عدالت نے ٹربیونل کی جانب سے چودھری اعجاز احمد کو نااہل قرار دینے اور ضمنی الیکشن کرانے کے بارے میں الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اعجاز احمد کی درخواست خارج کردی ہے۔ 2013ء کے عام انتخابات میں چودھری اعجاز احمد نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے 84008 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی بعد ازاں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ان کے مخالف امیدوار مسلم لیگ ن  کے ممتاز احمد تارڑ نے 73679 ووٹ حاصل کئے تھے۔