وزیراعظم کو عوام لاتے ہیں‘ ووٹ کا احترام نہیں کیا جاتا: مریم اورنگزیب
راولپنڈی (آن لائن+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی کے بل کی منظوری کے بعد صحافیوں کے تحفظ کا بل بھی جلد پارلیمنٹ سے منظور کرا لیا جائے گا۔ صحافیوں پر بھی لازم ہے کہ حقیقت پر مبنی صحافت کریں۔ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت کسی بھی ادارے کی معلومات 10دن کے اندر حاصل کی جاسکیں گی، اس قانون کو فوری نافذ کرنے کیلئے تمام اقدامات بل میں موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی سہ پہر راولپنڈی پریس کلب میں میڈیا ورکرز ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے میٹرو بس سروس کے چیئرمین حنیف عباسی اور میئر راولپنڈی سردار نسیم سمیت دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ راولپنڈی پریس کلب میرے گھر کی طرح ہے اور یہاںآنے کا مطلب ہے کہ میں اپنے گھر آئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پاکستان کے لوگ ووٹ دے کر آگے لاتے ہیں مگر ان کے ووٹ کا احترام نہیں کیا جاتا عوام کے ووٹ کی عزت جب تک نہیں ہوگی‘ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستان بھی لوگوں کے ووٹوں سے بنا تھا۔ صحافیوں نے ہمیشہ جمہوریت کی بقا اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کیا اور جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا صحافیوں نے بھر پور کردار ادا کیا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے صحافی برادری نامساعد حالات میںاپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ اور سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کام کر رہی ہے‘ تحفظ سے متعلق بل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے‘ بل بھی جلد پارلیمنٹ سے منظورکرالیا جائے گاکیونکہ اگر صحافیوں کے حقوق محفوط نہیں تو پھر کچھ نہیں صحافیوں کو ان کے حقوق نہیں ملتے تو میرا اس منصب پر رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ویج بورڈ کے حوالے سے سابق وزیر پرویز رشید نے بھی بہت کام کیا تھا صحافیوں کے تحفظ کے قانون کے تحت انہیں ان کا پورا حق ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی شرح میں کمی ہوئی ہے کھیلوں کے میدان آباد ہونا اس بات کی ضمانت ہے کے ملک میں امن بحال ہورہا ہے، انفارمیشن کمیشن کی تمام ضروریات بھی بل میں مکمل کردی گئی ہیں یہ بل گڈ گورننس اور شفافیت کو یقینی بنائے گا۔ سینٹ اور قومی اسمبلی کی تمام سیاسی جماعتوں نے بل کی تیاری میں کردار ادا کیا ہر شہری معلومات تک رسائی بل سے حکومتی اداروں سے متعلق معلومات حاصل کر سکے گاتاہم صحافی حقیقت پر مبنی رپورٹنگ کو یقینی بنائیں حکومت صحافیوں کی ٹریننگ کیلئے پروگرام ترتیب دے رہی ہے حکومت کے اچھے کاموں کو رپورٹ کرنا بھی صحافیوں کا فرض بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کی ترقی دیکھ کر فخر ہوتا ہے راولپنڈی کی تعمیر وترقی دیکھ کر اندازاہ ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیاپاکستان کی اقتصادی ترقی کی تعریف کررہی ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ جس ادارے میں خاتون کی نمائندگی نہ ہو وہ ادارہ نامکمل ہوتا ہے اور پاکستان کی آبادی میں نصب سے زائد حصہ خواتین کا ہے۔ فنکاروں کی معاونت کیلئے آرٹسٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ فلم پالیسی کیلئے سندھ اور پنجاب حکومت نے بھرپور معاونت فراہم کی۔ پہلی دفعہ فلم فنانس فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ فلم انڈسٹری کمشن کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔