پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعوی کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد پاکستان کے تمام صوبوں میں ان کی حکومت قائم ہو گی۔ تحریک انصاف نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے کیونکہ سیاسی لیڈرشپ قوم کی بجائے صرف اپنا سوچتی ہے۔ اسلام آباد میں بلین ٹری سونامی کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوسری حکومتوں کو بلین ٹری سونامی بارے بتانے کی ضرورت نہیں ہو گی کیونکہ اگلی حکومت ہماری ہو گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آلودگی سے بیماریاں پھیلتی جا رہی ہیں لیکن اس خطرناک صورتحال کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے گیارہ سال زندگی کے کم ہوتے ہیں۔ اسی آلودگی کی وجہ سے بچوں کو بھی بہت خطرات لاحق ہیں لیکن اس کا توڑ درخت لگا کر کیا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا گیا تو ہمارا مذاق اڑایا جاتا تھا۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا اتنے درخت لگائے جا سکتے ہیں، لیکن بلین ٹری سونامی سارے پاکستان کے لیے مثال بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی اشتہاروں میں نہیں زمین پرلگائے گئے۔ اگر کسی کو بلین ٹری سونامی پر شک ہے تو انہیں مطمئن کیا جائے گا۔ بلین ٹری سونامی پروگرام حقیقت بن چکا ہے۔ ہماری آنے والی نسلوں کی بقا کیلئے ضروری ہے کہ ہم جنگلات کی حفاظت کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔عمران خان نے کہا کہ دنیا گلوبل وارمنگ کا شکار ہے۔ آلودگی ماحول اور انسانی صحت کیلئے ایک ابھرتا ہوا خطرہ ہے۔ آلودگی سے بچنے کیلئے درخت اگانا ضروری ہے۔ دیگر ممالک میں ماحولیات سے متعلق معلومات نصاب میں شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے سیاستدانوں کی نظریں صرف اگلے الیکشن پر ہیں۔ کسی کو بھی ملک کے مستقبل کی فکر نہیں۔ بڑا لیڈر وہ ہوتا ہے جو قوم کو ایک ویژن دے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024