پنجاب اپیرل پارک قائداعظم کے نام سے منسوب‘ منصوبہ جلد مکمل کرینگے : شہباز شریف

پنجاب اپیرل پارک قائداعظم کے نام سے منسوب‘ منصوبہ جلد مکمل کرینگے : شہباز شریف

لاہور  (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگئی ہے اور بالخصوص پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس تناظر میں پنجاب حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے جس کے تحت جدید اپیرل پارک قائم کیا جارہا ہے جہاں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ٹیکسٹائل کے شعبے کے فروغ اور اپیرل پارک کے قیام کے منصوبے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران پنجاب اپیرل پارک کا نام تبدیل کرکے قائد اعظمؒ اپیرل پارک پنجاب رکھنے کی منظوری بھی دی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کے فروغ کیلئے وسیع قطعہ اراضی پرجدید اپیرل پارک بنارہی ہے۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں اپیرل پارک کے قیام کامنصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے اپیرل پارک پر دن رات کام کر کے اسے جلد مکمل کیا جائے گا۔ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے ٹیکسٹائل کے شعبے کی مزید ترقی اور برآمدات میں اضافے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ یورپی یونین کی فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ شہبازشریف نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت اور قیادت نے پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں 32ارب ڈالر کی عظیم الشان سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج سے استفادہ کے لئے بھرپور محنت کے ساتھ عملدرآمد کیا جائیگا۔ چینی پیکیج کے تحت انفراسٹرکچر، توانائی، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر منصوبے لگائے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کا وفد جلد چین جاکر شین ڈونگ رویائی گروپ کے انڈسٹریل زونز کا دورہ کرے گا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتو ںکا جائزہ لے گا۔ کپاس کی پیداوار کو بروئے کار لا کرٹیکسٹائل انڈسٹری اور گارمنٹس کی برآمدات کو زبردست فروغ دیا جاسکتا ہے۔ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ افرادکو یورپی معیار کے مطابق تربیت دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ قائد اعظم اپیرل پارک پنجاب کے قیام کا منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ ہے جس میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے آج یہاں ڈپٹی چیف آف ائیرسٹاف ائیر مارشل عاصم سلیمان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔