پرتشدد کارروائیوں میں ملوث نہ ہونیوالے قیدیوں کو رہا کیا جائیگا‘ طالبان کا آئین سے بالا کوئی مطالبہ نہیں مانیں گے : وزیراعظم

پرتشدد کارروائیوں میں ملوث نہ ہونیوالے قیدیوں کو رہا کیا جائیگا‘ طالبان کا آئین سے بالا کوئی مطالبہ نہیں مانیں گے : وزیراعظم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ طالبان کے مطالبات پر غور ہو رہا ہے تاہم  آئین اور قانون سے بالاتر کسی بھی مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جائیگا، پر تشدد کارروائیوں میں ملوث نہ ہونے والے افراد کو رہا کیا جائیگا، معاملات کو حل کر نے کیلئے مشاورت پر یقین رکھتے ہیں،  دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر قائم کرنے کے لیے علماء کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا، شدت پسندی کا خاتمہ اسلام کی تعلیمات پر اس کی اصل روح کے ساتھ عمل کرنے میں مضمر ہے، جبکہ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے ایک جامع اور متفقہ ضابطہ اخلاق بنایا جائے۔ وزیراعظم علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی کی سربراہی میں ملنے والے دس رکنی وفد سے بات چیت کررہے تھے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کو درپیش چیلنجز  کو حل کرنے کیلئے یکسو ہیں۔ ہم ان تمام علماء کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں جو پاکستان میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ طالبان کے مطالبات پر غور ہو رہا ہے جس پر حکومتی کمیٹی بحث کریگی تاہم آئین اور قانون سے بالاتر کسی بھی مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں امن لانے کی خاطر طالبان کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ طالبان جو عسکری کارروائیوں میں ملوث نہیں انھیں رہا کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و استحکام لانے کے لیے درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر علامہ طاہر اشرفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لیے ان کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ طالبان سے مذکرات میں بھی وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی کی بنا پر پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان علماء کونسل کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ امن کی خواہش اور سیاسی بصیرت سے اس مسئلے کے حل کی کوششیں ان کے خلوص، نیک نیتی اور وطن سے محبت کی آئینہ دار ہیں۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم حکومت کی خارجہ پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پولیو کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم خون کا قطرہ بہائے بغیر امن کے لئے پرعزم ہیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیر اعظم کو تجویز دی ہے کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے ایک جامع اور متفقہ ضابطہ اخلاق بنایا جائے۔ اے این این کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مشاورت ہر قسم کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے میں  مددگار ہوتی ہے۔ معاشرے میں امن اور بھائی چارے کی فضا کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے اکتوبر میں بین الاقوامی علما کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانفرنس میں امام کعبہ اور وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف بھی شرکت کرینگے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے بچوں اور خواتین سمیت تمام غیر جنگی قیدیوں کو رہا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات اور پائیدار کوششوں سے پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گیا ہے۔ چینی کمپنی گیزہوبا گروپ کے وفد نے صدر نائی کائی کی قیادت میں وزیراعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پالیسیوں نے پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش مقام بنا دیا ہے۔ چینی کمپنی جو نیلم جہلم پاور جنریشن پراجیکٹ پر کام کر رہی  ہے کے صدر نے وزیراعظم کو منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے چینی کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکو مت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات باہم پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح توانائی شعبہ ہے، اس حوالے سے ہم نجی شعبے سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہیں گے۔ ملاقات کے موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ طارق فاطمی بھی موجود تھے۔