میرانشاہ : طالبان کمانڈر عبدالرحمن خودکش حملے میں زخمی‘ ڈرائیور جاں بحق‘ ساتھیوں کی فائرنگ سے دونوں حملہ آور مارے گئے

میرانشاہ : طالبان کمانڈر عبدالرحمن خودکش حملے میں زخمی‘ ڈرائیور جاں بحق‘ ساتھیوں کی فائرنگ سے دونوں حملہ آور مارے گئے

میران شاہ (آئی این پی) کالعدم تحریک طالبان شمالی وزیرستان کی شوریٰ  کے رکن اور طالبان کمانڈر ملاعبدالرحمن عرف لنگڑا (گوڈ) عبدالرحمن  گزشتہ روز میران شاہ میں  خودکش حملہ میں بال بال بچ گئے‘  حملہ میں عبدالرحمن معمولی زخمی ‘  گاڑی تباہ ہونے سے ڈرائیور جاں بحق جبکہ  ساتھیوں کی فائرنگ سے  دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔ جمعرات کو شمالی وزیرستان شوریٰ کے  جاری بیان میں کہا گیا ہے ملا عبدالرحمن عرف گوڈ عبدالرحمٰن پرگزشتہ شام دو نامعلوم افراد نے میرانشاہ کے سرگردان چوک کے قریب خودکش حملہ کیا۔ شوریٰ شمالی وزیرستان نے  ملا عبدالرحمٰن کے خودکش حملے میں  زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔  ملا عبدالرحمٰن نے کچھ عرصہ سے شمالی وزیرستان میں  اغواکاری ، بے گناہ لوگوں پر ظلم اورقتل  کرنے والوں  کیخلاف سخت  اقدامات اٹھائے جس کی وجہ سے وہ  ان دنوں  شمالی وزیرستان  میں کافی مقبول ہیں۔ ملا عبدالرحمن جو کہ  برمل کے  رہائشی ہیں وہ  افغانستان  پر  امریکہ حملے  کے بعد  پکتیکا میں برمل  پر  امریکی فوجیوں کے حملے  میں بھی  شدیدزخمی ہوئے اور موقع سے فرار  ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس واقعہ کے بعد  علاقہ میں ملا عبدالرحمٰن کا نام لوگوں نے گوڈعبدالرحمٰن رکھ دیا گوڈ کو پشتو میں  لنگڑا کہا جاتا ہے۔ طالبان کی  شمالی وزیرستان  شوریٰ نے   ملا عبدالرحمٰن پر حملہ کی شدید مذمت کرتے  ہوئے اعلان کیا ہے کہ  مجرموں کو ہر قیمت پر گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے گی۔