فیول ایڈجسٹمنٹ : بجلی 2.24 روپے یونٹ مہنگی‘ ڈرون حملہ کیا گیا : سیاسی‘ مذہبی رہنما

فیول ایڈجسٹمنٹ : بجلی 2.24 روپے یونٹ مہنگی‘ ڈرون حملہ کیا گیا : سیاسی‘ مذہبی رہنما

اسلام آباد (خبر نگار+ آئی این پی+ این این آئی) نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جنوری کے مہینے میں خرچ کی جانے والی بجلی کی قیمت میں 2 روپے 24 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے، صارفین سے اضافی رقم آئندہ ماہ کے بل میں وصول کی جائے گی، بجلی کی قیمتوں سے متعلق نیپرا میں سماعت کے دوران سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے موقف اختیار کیا جنوری میں زیادہ تر بجلی فرنس آئل سے پیدا کی گئی، فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت میں 2 روپے 35 پیسے اضافہ ہوا، ڈیزل سے پیدا کی جانے والی بجلی سے لاگت 17 پیسے فی یونٹ بڑھی جبکہ جنوری کے مہینے میں ڈسٹری بیوشن لاسز اور بجلی چوری سے سسٹم کو 35 پیسے فی یونٹ کا نقصان ہوا، 6 ارب 19 کروڑ یونٹ بجلی کی پیداواری لاگت 72 ارب 97 کروڑ رہی جو ایک ریکارڈ ہے، نیپرا نے سماعت کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صارفین سے دو روپے چوبیس پیسے فی یونٹ اضافہ وصول کرنے کی اجازت دے دی، آئندہ ماہ صارفین کو 8 سو 3 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ آئی این پی کے مطابق بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے کا اطلاق کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (کے ای ایس سی) کے علاوہ ملک کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر ہو گا۔ سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو غریب عوام پر ڈرون حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عذاب ناقابل برداشت ہے حکمران بتائیں وہ عوام کو کس جرم کی سزا دے رہے ہیں؟۔ عمران خان، سردار لطیف کھوسہ، منور حسن، محمود الرشید، چودھری شجاعت حسین، شیخ رشید احمد، ثروت اعجاز قادری، مولانا فضل الرحمن، مولانا سمیع الحق سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے حکمرانوں کی زبان غریبوں کی بات کرتے ہوئے تھکتی نہیں لیکن آئے روز بجلی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے اس سے حکمرانوں کی عوام دشمنی کھل کر سامنے آ رہی ہے ایک طرف عوا م بجلی کو ترس رہے ہیں تو دوسری طرف بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ڈرون حملہ کیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں حکومت قیمتوں میں اضافے کو واپس لے اور عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے۔ این این آئی کے مطابق سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے عوامی مینڈیٹ لے کر آنے کا دعویٰ کرنے والی حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر غریب عوام کو کچلنے میں مصروف ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس سے عوام زندہ درگور ہو جائیں گے حکومت نے اپنے اللے تللے پورے کرنے کیلئے عوام کا خون نچوڑنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو جلد ایوانوں کا گھیرائو کریں گے۔