علی گیلانی نے علاج کیلئے خصوصی طیارے سے دہلی لے جانے کی بھارتی پیش کش مسترد کردی

علی گیلانی نے علاج کیلئے خصوصی طیارے سے دہلی  لے جانے کی بھارتی پیش کش مسترد کردی

سرینگر (کے پی آئی)  کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے  چیئرمین  سید علی گیلانی نے علاج معالجہ  کی غرض سے دہلی جانے کے لئے  مقبوضہ کشمیر حکومت کی جانب سے خصوصی طیارے  کی پیش کش مسترد کر دی ہے  ۔ بدھ کو ڈی سی سرینگر اور ایس ایس پی بڈگام پر مشتمل  حکومتی وفد نے  حیدر پورہ جا کر علیل حریت چیئرمین گیلانی  کی عیادت کی  اور انہیں سرکاری طور پر خصوصی طیارے کے ذریعے دلی  لے جانے کی پیش کش  کی تاہم بزرگ رہنما کی  جانب سے اس پیش کش  کو مسترد کیا گیا ہے ۔ حریت ترجمان ایاز اکبر نے بتایا کہ  سرکاری سطح پر ڈی سی  سرینگر اور ایس ایس پی بڈگام بزرگ رہنما کے پاس آئے  اور انہیں دلی  کے لئے خصوصی طیارے کی پیش کش  کی تاہم  بقول ترجمان گیلانی نے حکومت کی پیش کش  یہ کہہ  کر مسترد  کی  کہ وہ اس نظام کے خلاف ہی مصروف  جدوجہد  ہیں اور حکومت کی یہ پیش کش قبول کرنیکا ان کے پاس کوئی  اخلاقی جواز نہیں ہے  ترجمان کے مطابق سید علی گیلانی  کا نئی دہلی جانے کا پروگرام  پہلے سے طے ہے   اس سلسلے میں دہلی میں مقیم کئی ڈاکٹروں کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا ہے اور ان سے مشورے کے لئے وقت طے کیا گیا ہے اس دوران میں حریت کانفرنس نے پھیلائی جا رہی غلط  افواہوں  کے بارے میں وضاحت کی ہے کہ موصوف  اگرچہ پچھلے روز سے مسلسل بیمار چلے آ رہے ہیں  البتہ  ان کی حالت قدرے مستحکم  ہے اور انہوں نے کل دن میں اخبارات کا مطالعہ بھی کیا ہے۔