اسلام آباد : آئی ایٹ مرکز میں خودکش حملہ‘ نجی بینک تباہ‘ سیکورٹی گارڈ جاں بحق‘ تین افراد شدید زخمی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + وقت نیوز + ریڈیو نیوز) آئی ایٹ مرکز میں خودکش حملہ میں نجی بنک تباہ ہو گیا‘ بنک کا سکیورٹی گارڈ خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں جاںبحق اور تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ بنک کی پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیاں تباہ ہو گئیں‘ آئی ایٹ مرکز کے اس حصے کے دیگر پلازوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ سلک بنک میں 18 سے 19 سالہ لڑکے نے بنک میں داخل ہونے کی کوشش کی تو بنک کے سکیورٹی گارڈ نے اسے روکا جس پر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے سکیورٹی گارڈ موقع پر جاںبحق ہو گیا۔ دھماکے میں سلک بنک مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ زخمیوں کو پمز میں منتقل کر دیا گیا۔ خودکش حملہ آور کا سر آئی ایٹ مرکز میں جائے وقوعہ سے پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں خودکش حملہ کے بعد سکیورٹی انتہائی الرٹ کر دی گئی۔ پولیس نے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیموں نے دھماکہ خیز مواد کے ٹکڑے اور نمونے حاصل کئے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے بنک خودکش حملے میں جاںبحق سکیورٹی گارڈ کیلئے تمغہ شجاعت کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کو روکنا بہت مشکل ہے۔ ایجنسیز نے بہت سے حملے روکے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد واجد علی خان درانی نے کہا ہے کہ یہ خودکش حملہ تھا‘ حملہ آور کا سراغ مل گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے سکیورٹی حکام اور عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ خودکش حملہ آور پتلا لڑکا تھا۔ رنگ سفید، ہلکی داڑھی اور سفید شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ ایک گاڑی خودکش حملہ آور کو اتار کر گئی جس کے ایک ڈیڑھ منٹ بعد دھماکہ ہو گیا۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے متاثرہ بنک کے دورہ کے دوران اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز کا گشت بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس دھماکے کا مقصد بنکنگ سیکٹر کو ڈرانا ہے۔ اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور بنک سے رقم نکلوانے کے بہانے سے آیا تھا‘ گارڈ کے روکنے پر دھماکہ کیا۔ سکیورٹی اہلکار 5 لاکھ کا چیک ڈھونڈتے رہے۔ دھماکے کی کوریج کے لئے آنے والے صحافیوں اور فوٹوگرافروں سے ایس ایس پی طاہر عالم نے ہاتھا پائی کی۔ یہ بنک سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی ملکیت ہے‘ سکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ کے لئے 10 لاکھ روپے امداد اور ماہانہ وظیفے کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدر‘ وزیراعظم نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلام آباد / بم دھماکہ