آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ سے مذاکرات ناکام ہوگئے، ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا گیا

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ سے مذاکرات ناکام ہوگئے، ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا گیا

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے لاہور چیمبر آف کامرس سے احتجاجی ریلی نکالی اور گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دیا۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سی این جی سٹیشنز گیس کی کھپت کا صرف نو فیصد استعمال کرتے ہیں اس کے باجود سوئی ناردرن گیس ہفتے میں دو روز کے لیے سی این جی سٹیشنز بند کردیتی ہے، موسم گرما کا آغاز ہوچکا ہے اس لیے یہ بندش ختم ہونی چاہیے لیکن ایسا نہیں ہو رہا۔ جس کی وجہ سے انہیں مجبوراً بدھ سے ہڑتال کرنی پڑی۔ گورنرپنجاب نے ریلی کے شرکاء سے مذاکرات کیے جو کامیاب نہ ہوسکے۔
گورنر پنجاب نے سی این جی ایسوسی ایشن کو جمعے کی صبح اسلام آباد میں سیکرٹری پیٹرولیم سے ملنے کا کہا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ایک ہنگامی اجلاس بلایا ہے جس میں شرکت کے لیے ایم ڈی سوئی رشید لون اور جنرل مینجر ریحان نواز اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف ہڑتال کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔