لانگ مارچ کے دوران سڑکیں بند‘ گھروں پر چھاپے مارنے والے تھانیداروں کو شوکاز نوٹس جاری

لاہور (نمائندہ خصوصی) ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ذوالفقار احمد چیمہ نے 14 اور 15 مارچ کو لانگ مارچ کے سلسلہ میںسڑکیں بند کرنے اور پرامن شہریوں کے گھروںپر چھاپے مارنے والے تھانیداروں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلبی کر لی ہے۔ نوٹس میں ان تھانیداروں کو آئین پاکستان کی خلاف ورزی، شہریوں کے بنیادی حقوق کی سلبی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر اس وقت کے حکمرانوں کے \\\"ذاتی بدمعاش\\\" قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی گوجرانوالہ ذوالفقار احمد چیمہ نے تھانہ ایمن آباد، تھانہ کامونکی صدر، تھانہ واہنڈو، تھانہ صدر گوجرانوالہ، تھانہ کینٹ گوجرانوالہ، تھانہ اروپ کھیالی اور تھانہ صدر وزیرآباد کے ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں کہ \\\"آپ نے 14/15 مارچ 2009 کو ملک کے بہت سے کاروباری حضرات کے کنٹینر زبردستی چھین کر سڑکوں پر کھڑے کر دئیے اور شہریوں کیلئے آمدورفت کے تمام راستے بند کر دیئے۔ آپ نے ان پرامن شہریوں (جن کے کسی قسم کے نظر بندی کے احکامات جاری نہیں ہوئے تھے) کے گھروں میں گھس کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے تھانوں میں بند کر دیا۔ ایسا کر کے آپ نے نہ صرف اس ملک کے سینکڑوں شہریوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا بلکہ لاکھوں شہریوں کو انکے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا۔