سوات امن معاہدہ ملک میں نفاذ شریعت بارش کا پہلا قطرہ ہے: مولانا سمیع الحق

لاہور (خصوصی رپورٹر) جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ سوات امن معاہدہ ملک میں نفاذ شریعت بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام عدل ریگولیشن کی کامیابی پر وہ صدر وزیراعظم اور تمام ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہاکہ اب سوات کا امن بحال ہو گا، حالات بہتر ہونگے اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نظرےاتی مملکت پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کی گئی تھی اور اس میں اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی امن و سکون قائم ہو سکتا ہے۔ جمعیت علما اسلام (س) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مغدوم نے بتایا کہ مولانا صوفی محمد نے بھی مولانا سمیع الحق کی معاہدہ امن کے لئے کوششوں کو سراہا۔ دریں اثنا مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ سوات میں نظام عدل ریگولیشن پر صدر زرداری کی طرف سے دستخط کا فیصلہ خوش آئند ہے۔