آزادی کپ: ورلڈ الیون نےدوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
آزادی کپ: ورلڈ الیون نےدوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

آزادی کپ سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ورلڈ الیون نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز برابر کر دی۔ ہاشم آملہ اور تسارا پریرا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ورلڈ الیون نے 175 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں تین وکوٹں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں آزادی کپ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے فخرزمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا دونوں کھلاڑیوں کی طرف سے شروع سے ہی جارحانہ اندار اپنایا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 41 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس موقع پر فخر زمان ورلڈ الیون کے سیموئل بدری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ فخر زمان نے 13 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ بابر اعظم اور احمد شہزاد کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 100 کے ٹوٹل پر اس وقت ہوا جب احمد شہزاد جو اپنے کیرئر کا پچاسواں میچ کھیل رہے تھے 43 کے انفرادی سکور پر عمران طاہر کی بال پر ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد نے اپنی 34 بال کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ بابر اعظم اور شعیب ملک نے سکور کو تیزی سے بڑھانے کی کوشش کی۔ پاکستان کا سکور 135 پر پہنچا تو اس موقع پر بابر اعظم 45 کے سکور پر بدری کا شکار ہو گئے۔ بابر اعظم نے 38 گیندوں کا سامنا کیا جس میں پانچ چوکے لگائے۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 156 کے سکور پر گری جب عماد وسیم 15 رنز بنانے کے بعد پریرا کی گیند پر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بغیر سکور کے پریرا کا شکار ہو گئے ان کا کیچ بھی عمران طاہر نے پکڑا۔ پاکستانی اننگز کی آخری بال پر شعیب ملک 39 کے انفرادی سکور پر بین کٹنگ کی گیند پر کور میں پال کولنگ ووڈ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ شعیب ملک نے 23 گیندوں کا سامنا کیا جس میں ایک چوکا اور تین چھکے لگائے۔ ان ساتھ دینے والے دوسرے کھلاڑی سہیل خان ایک سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان ٹیم نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز سکور کیے۔ ورلڈ الیون کی جانب سے باولنگ میں پریرا نے 23 رنز کے عوض دو، سیموئل بدری نے 31 رنز کے عوض دو جبکہ عمران طاہر نے 29 رنز کے عوض اور بین کٹنگ نے 52 رنز کے عوض ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 175 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ورلڈ الیون کی جانب سے تمیم اقبال اور ہاشم عاملہ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 47 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس موقع پر تمیم اقبال 24 رنز بنانے کے بعد سہیل خان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ورلڈ الیون کی دوسری وکٹ ٹم پین کی گری جب وہ 10 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ اس وقت ورلڈ الیون کا مجموعی سکور 71 رنز تھا۔ ہاشم عاملہ اور کپتان ڈوپلیسی نے ورلڈ الیون کے سکور کو 106 تک پہنچایا تو اس موقع پر ڈوپلیسی نواز کو بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شاداب کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ڈوپلیسی نے 2 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ نئے کھلاڑی پریرا میدان میں آئے جنہوں نے پاکستانی باولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور چھکوں کی برسات کر دی اور پانچ چھکوں کی مدد سے 42 ناٹ آوٹ جبکہ ہاشم عاملہ 72 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے باولنگ میں عماد وسیم نے 27 رنز کے عوض، سہیل خان نے 44 رنز کے عوض جبکہ محمد نواز نے 25 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔