پاکستان کا ڈرون براق اور لیزر گائیڈڈ میزائل کا کامیاب تجربہ

خبریں ماخذ  |  خصوصی نامہ نگار
پاکستان کا ڈرون براق اور لیزر گائیڈڈ میزائل کا کامیاب تجربہ

آئی ایس پی آر کے مطابق براق سے فائر ہونے والے لیزر گائیڈڈ میزائل برق نے کامیابی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی تجربے کا مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق براق اور برق ہر قسم کے موسم میں کارگر ثابت ہونگے۔ کامیاب تجربے کے موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی ڈرون بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ پاکستان نے دفاعی شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون کے کامیاب تجربے سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ جنرل راحیل شریف  نے ڈرون اور لیزر گائیڈڈ میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں ،انجینئرز اور قوم کو مبارکباد بھی دی۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف نے مقامی طور پر تیار کردہ ڈرون براق اور لیزر گائیڈڈ میزائل برق کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے-

ترجمان وزیر اعظم ہائوس کے مطابق  وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنے پیغام میں پاک افواج،سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا ہے جن کی محنت کے باعث پاکستان سٹیٹ آف آرٹ ڈرون بنانے میں کامیاب ہوا ہے جبکہ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈرون کے کامیاب تجربے سے پاکستان کے دفاعی شعبے کو ایک نئی جہت ملی ہے اور پاکستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے-