پاک چین اقتصادی راہداری پردشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے: آرمی چیف

خبریں ماخذ  |  خصوصی نامہ نگار
پاک چین اقتصادی راہداری پردشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں پاکستان نیوی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، آرمی چیف کا استقبال  چیف آف نیول ا سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کے سیکورٹی تحفظات کی حمایت کرتی ہے ، ایل او سی کی خلاف ورزی، بلوچستان میں قتل و غارت گری دشمن کے مذموم عزائم کی عکاسی کرتے ہیں ۔ فاٹا اور کراچی کی صورتحال سے بھی دشمن کے ناپاک ارادے ظاہر ہوتے ہیں لیکن ملکی سلامتی اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں قیام امن کی کوششیں کر رہا ہے لیکن قیام امن کی کوششیں پاکستان کی خود مختاری ، قومی مفاد، ملکی وقار کی قیمت پر نہیں ہونگی ، کشمیر، نئی بندرگاہوں کی تعمیر، قدرتی وسائل کے حصول سمیت ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ، پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے کے عوام کی زندگی تبدیل ہو سکتی ہے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دشمن کے عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں ، دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دی جائے گی -
آرمی چیف نے کہا کہ گوادر پورٹ کو ہر قیمت پر تعمیر کیا جائے گا، گوادر پورٹ گہرے پانیوں کی ایک اہم سٹریٹجک بندرگاہ ہوگی ۔ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہے اور آپریشن ضرب عضب کے فیصلہ کن نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ دہشت گرد اب ناامید ہوکر اندھا دھند کارروائیاں کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ مسلح افواج تنہا نہیں جیت سکتیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ پوری قوم اس قومی مقصد کے حصول کے لیے مکمل احساس ذمہ داری سے کام کررہی ہے،تقریب کے اختتام پر آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل نیوی کیڈٹس میں اعزاز شمشیر سمیت دیگر اعزازات تقسیم کیے