متحدہ 62 ‘ پی ٹی آئی 44 ‘ مسلم لیگ ن کے حلقوں کے 28 فیصد فارم 15 موجود نہیں: پرویز رشید

متحدہ 62 ‘ پی ٹی آئی 44 ‘ مسلم لیگ ن کے حلقوں کے 28 فیصد فارم 15 موجود نہیں: پرویز رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے عمران خان کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان فارم 15 کے نام سے نیا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ سب سے زیادہ سندھ میں ایم کیو ایم کے 62 فیصد فارم 15 غائب ہیں۔ پی ٹی آئی کے حلقوں کے 44.26 فیصد فارم 15 غائب ہیں۔ مسلم لیگ ن کے 28.2 فیصد فارم 15 غائب ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 39 فیصد فارم 15 دستیاب نہیں۔ عمران کا کہنا ہے کہ جس کے فارم 15 غائب ہوئے اس کو فائدہ پہنچا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی سب سے زیادہ فائدے میں رہی۔ فارم 15 کے معاملے پر سب سے زیادہ پی ٹی آئی کو سزا ملنی چاہئے۔ عمران میڈیا ٹرائل کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت میں مقدمہ کیوں نہیں لڑتے۔ جوڈیشل کمشن میں نجم سیٹھی کی پیشی پر تو 35 پینکچر کا ذکر نہیں کیا۔ عدالت میں جھوٹ بولنا مشکل ہوتا ہے وہ ثبوت مانگتی ہے عمران خان کے پاس سچ ہے نہیں۔ وہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر لگائے گئے الزامات عدالت میں ثابت نہیں کر سکے۔ عمران خان اپنا مقدمہ لڑنے کی بجائے میڈیا ٹرائل میں مصروف ہیں۔ جوڈیشل کمشن عمران کے مطالبے پر بنا، عمران جرات پیدا کریں اور عدالت آ کر گواہی دیں۔ عمران گواہی دیں کس طرح افتخار چودھری انتخابات پر اثر انداز ہوئے۔ عمران نے اپنی روایات کو برقرار رکھا عمران خان آپ ایک بزدل شخص ہیں چیلنج قبول نہیں کر سکتے۔ پینتیس پنکچر کا ذکر کرنے والے خان صاحب نے خیبر پی کے میں پوری ٹیوب ہی پھاڑ دی۔ خیبر پی کے میں انارکی کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ مینڈیٹ چوری ہونے پر لوگ ایک سال انتظار نہیں کرتے، 2013ء کے انتخاب کے بعد لوگ احتجاج کیلئے سڑکوں پر نہیں نکلے جیسے خیبر پی کے میں انتخابات کے بعد عوام خودبخود سڑکوں پرآ گئے۔ عمران بنی گالہ سے تخت خیبر پی کے چلانا چھوڑدیں عمران بنی گالہ سے پشاور جائیں اور وزیراعلی کا عہدہ سنبھال لیں۔ خیبر پی کے میں الیکشن کے بعد اخبارات دھاندلی کی خبروں سے بھرے پڑے تھے۔ 2013ء کا انتخاب شفاف اور بہترین تھا۔ جب آپ دوسروں پر الزام لگاتے ہیں تو آپ کا چہرہ بھی مسخ ہوتا ہے۔ فارم 15 کے غائب ہونے کے سب سے بڑے مجرم تو خان صاحب ہیں۔ عمران خان سب سے پہلے نیا خیبر پی کے بنا کے دکھائیں۔ عمران ویسا خیبر پی کے نہ دیں جیسا ہم نے بلدیاتی انتخابات میں دیکھا۔پرویز رشید نے کہا کہ عمران فارم15کی غلط تشریح کر رہے ہیں ان کا طرز عمل ایک ضدی بچے کی طرح ہے۔کے پی میں ٹیوب پھاڑنے والا عدالت میں35 پنکچرز کا الزام لگانے پر شرما گیا، نجم سیٹھی کیس میں عمران خان کو عدالت سے مفرور ہونے پر جرمانہ ہو چکا ہے۔ خیبر پی کے میں دھاندلی کا بڑا دن دیکھا گیا اور وہاں کے لوگوں نے اس دن سے اس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا اور وہ آج تک جاری ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے جرأت سے دہشت گردی اور توانائی بحران سمیت دیگر چیلنجز کو قبول کیا لیکن عمران خان ایک بزدل شخص ہیں۔ خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں 20افراد قتل ہوئے، عمران جوڈیشل کمیشن میں گواہی دینے کو تیار نہیں۔ ان میں افتخار چوہدری اور جسٹس(ر) رمدے کے خلاف بیان دینے کی ہمت نہیں ہے۔