سپورٹس اور یوتھ افیئرز کی ترقیاتی سکیموں کیلئے اڑھائی ارب کے فنڈز

سپورٹس اور یوتھ افیئرز کی ترقیاتی سکیموں کیلئے اڑھائی ارب کے فنڈز

لاہور (سپورٹس رپورٹر) حکومت پنجاب نے مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں سپورٹس اور یوتھ افیئرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے ڈھائی ارب ر وپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں جو مالی سال 2014-15ء سے 54 کروڑ روپے زائد ہے۔ اس کے علاوہ سپورٹس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے لئے 2 ارب کے ساتھ سپورٹس کے لئے 50 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز رکھے گئے ہیں۔ نئے مالی سال میں 149 نئی ترقیاتی سکیمیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔ مزید 149 سکیموں کی شمولیت سے ان کی تعداد 217 ہو گئی ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں شامل کی جانے والی سکیموں میں نشتر سپورٹس کمپلیکس میں بارشوں کے پانی کی نکاس، باکسنگ جمنیزیم کی تعمیر مکمل کرنا، نشتر سپورٹس کمپلیکس میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پارکنگ پلازہ اور میوزیم کا منصوبہ شامل ہے۔ پنجاب سٹیڈیم میں سنتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک کی تنصیب، فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کے علاوہ بلیو ٹرف، پلیئرز ہوسٹل اور چینجنگ روم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈی جی خان، وہاڑی، رحیم یار خان، میانوالی، اوکاڑہ اور گوجرانوالہ میں سنتھیٹک ٹرف کی تنصیب شامل ہے جبکہ گجرات میں سوئمنگ پول، ڈیرہ غازی خان میں سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن، لاہور، ملتان، سرگودھا، ساہیوال، راولپنڈی، گوجرانوالہ میں منی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، تاریخ اقبال پارک کی تعمیر شامل ہے۔