بجٹ تاریخ ساز‘ پنجاب کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کا آئینہ دار ہو گا: شہباز شریف

بجٹ تاریخ ساز‘ پنجاب کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کا آئینہ دار ہو گا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کانئے مالی سال کا بجٹ ایک تاریخ ساز بجٹ ہے۔ بجٹ میں دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ بجٹ پنجاب کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کا آئینہ دار ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے یہ بات اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کیلئے ایک تاریخ ساز پروگرام شروع کیا گیا اور اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہی معیشت پھلے پھولے گی۔ روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کسانوں ،کاشتکاروں ، مزدوروں او ر معاشرے کے تمام طبقات دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے اس بڑے پروگرام سے استفادہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی وخوشحالی کیلئے کئی سو ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کیلئے بھی خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں۔ ملتان میں میٹروبس پراجیکٹ پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ میٹروبس سسٹم میں ٹرانسپورٹ کے نظا م میں انقلاب برپا کیا ہے اور اس جدید نظام میں ٹرانسپورٹ کلچر کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے حوالے سے شاندار پروگرام رکھے گئے ہیں۔ خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کا مالی سال 2015-16 کا بجٹ صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کرے گا اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہری اور دیہی علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں اگلے 3 برس کے دوران دیہی علاقوں کی پائیدار ترقی کے لئے شاندار پروگرام رکھے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بجٹ کی تیاری میں دن رات کام کرنے پر صوبائی وزراء خصوصاً صوبائی وزیر خزانہ، سیاسی رفقاء چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام اور ان کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں دن رات کام کرنے والی سیاسی و انتظامی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔