وفاق اور پنجاب کی لڑائی میں شریک ہیں نہ کسی توڑ پھوڑ کا حصہ بنیں گے: پرویزالٰہی

وفاق اور پنجاب کی لڑائی میں شریک ہیں نہ کسی توڑ پھوڑ کا حصہ بنیں گے:  پرویزالٰہی

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کی لڑائی میں شریک ہیں اور نہ ہی ہم کسی توڑ پھوڑ کا حصہ بنیں گے تاہم اہم قومی معاملات اور ایشوز پر بات ہو سکتی ہے۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ موجودہ حکومت اب تک عوام کو کچھ ڈلیور نہیں کر سکی تاہم ہم مڈٹرم الیکشن کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) اپنا الگ تشخص برقرار رکھے گی۔ اگر ہماری جماعت کا کوئی رکن دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتا ہے تو وہ انکا ذاتی فعل ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کو بھارتی دھمکیوں سے مرعوب ہو کر معذرت خواہانہ رویہ اپنانے کی ضرورت نہیں حکومت بھارت کی وکیل بننے کی بجائے بھارتی الزامات کا بھرپور جواب دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے معصوم مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب کے حکمرانوں نے بلدیاتی نظام کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور صرف قاف لیگ کے ناظمین ہونے کی وجہ سے بلدیاتی اداروں کے فنڈز روک دئیے گئے ہیں۔ موجودہ حکمران نئے ترقیاتی کام کروانے کی بجائے ہمارے دور میں شروع کئے گئے اہم منصوبہ جات پر اپنے نام کی تختیاں لگانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت سے ہماری جماعت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا جبکہ ن لیگ نے پیپلزپارٹی سے مل کر انتخابی فائدہ اٹھایا۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے اپنے دور اقتدار میں 117 ارب روپے کی ڈویلپمنٹ اس خطے میں کی جبکہ نواز شریف کے دونوں ادوار میں صرف 17 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ سٹی ڈسٹرکٹ ناظم میاں فیصل مختار‘ سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن‘ سینیٹر جاوید علی شاہ‘ سابق صوبائی وزیر اقبال خاکوانی‘ طاہر رشید‘ محمد بشارت راجہ‘ چودھری ظہیرالدین خان‘ مونس الٰہی موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا میاں نواز شریف کو ہر بات دیر سے سمجھ آتی ہے‘ اب بھی انہوں نے چودھری برادران سے ملاقات کی بات تاخیر سے کی ہے۔ انہوں نے 17ویں ترمیم کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم کو ختم کرنا آسان نہیں ہے اس میں بہت ساری اچھی چیزیں بھی ہیں جنہیں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی ملتان پہنچے تو ان کا ملتان ائرپورٹ پر لیگی قائدین اور شہریوں کی جانب سے فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ والہانہ نعرے لگائے گئے۔ چودھری پرویزالٰہی پریس کلب پہنچے تو وہاں بھی کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے بعدازاں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔ دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اچھے اور شریف انسان ہیں۔ یہ بات انہوں نے پریس کلب سے روانگی سے قبل گاڑی میں بیٹھتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملتان کی ترقی کیلئے کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے۔